قمرالزماں قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں تیرا منتظر ہوں جلوۂ جانانہ برسوں سے (غزل)
میں تیرا منتظر ہوں جلوۂ جانانہ برسوں سے
چھلک اٹھا ہے میرے صبر کا پیمانہ برسوں سے
وفا کی پاسداری ہے نہ جل جانے کا جذبہ ہے
بدل ڈالی ہے کس نے فطرت پروانہ برسوں سے
نہ لا گردش میں اس کے سامنے پیمانہ اے ساقی
نہ جانے کون سے زنداں میں تھا دیوانہ برسوں سے
انہیں اصرار ہے میں ان کو گھر آنے کی دعوت دوں
کہوں کیسے انہیں گھر ہے مرا ویرانہ برسوں سے
قیامت ہے اسی پر بے وفا ہونے کی تہمت ہے
جو دیتا آ رہا ہے جان کا نذرانہ برسوں سے
نہ جانے کتنی برساتوں میں ڈھونڈا ہے قمرؔ ہم نے
نظر آتے ہیں وہ مے کش نہ وہ مے خانہ برسوں سے
ہوتا نہیں یقین مجھے چھوڑ جائے گا (غزل)
ہوتا نہیں یقین مجھے چھوڑ جائے گا
وہ میرا پیار میری وفا آزمائے گا
اے سنگ سرخ توڑ نہ نفرت کی ضرب سے
نازک ہے میرا شیشۂ دل ٹوٹ جائے گا
زر بھی زمیں بھی نور محمد بھی ہے ترا
اک ساتھ چل کے دیکھ زمانے پہ چھائے گا
بھونروں کو اتنی دعوت حرص و ہوس نہ دے
تجھ سے ترا گلاب بدن چھوٹ جائے گا
یہ دور وہ نہیں ہے کہ مخلص رہیں گے دوست
اک دن کوئی اٹھے گا تجھے کاٹ کھائے گا
مجرم کے ظلم و جور سے ہرگز نہ ہو اداس
تجھ کو سزا سے منصف اعلیٰ بچائے گا
تو نے بھی اپنی قوم کو بخشی نہیں ضیا
الزام اے قمرؔ یہ ترے سر پہ آئے گا