پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر عثمانی کی غزلیں — Qamar Usmani Ghazals

قمر عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوتی نہیں بیمار محبت کو شفا بھی (غزل)

ہوتی نہیں بیمار محبت کو شفا بھی

یہ درد ہوا کرتا ہے خود اپنی دوا بھی

سب ان کے ستم میرے لیے عین کرم ہیں

ہے ان کی جفاؤں میں اک انداز وفا بھی

اک ربط بہت ہے نہ سہی چشم عنایت

مجھ کو نہیں محرومیٔ قسمت کا گلہ بھی

بے وجہ نہیں سہمے ہوئے اہل گلستاں

بدلی نظر آتی ہے گلستاں کی فضا بھی

نغمات طرب خیز بہت خوب ہیں لیکن

ممکن ہو تو سن ٹوٹے ہوئے دل کی صدا بھی

اس صاحب ہمت کا ہے جینا مرے نزدیک

جینے کی دعا دیتی ہے خود جس کو قضا بھی

ہرچند ہے نظروں سے نہاں دوست کا جلوہ

ہو دیدۂ بینا تو وہ ہے جلوہ نما بھی

خواہش ہے کرم کی نہ تمنائے نوازش

اٹھتے نہیں اب ہاتھ کبھی بہر دعا بھی

بے جنس عمل راحت عقبیٰ کے ہیں طالب

کیا خوب ہے خوش فہمیٔ ارباب صفا بھی

تسلیم کہ آساں ہے قمرؔ دعویٔ الفت

آساں تو نہیں جادۂ تسلیم و رضا بھی

نہ محبت نہ محبت کی ادا ہے یارو (غزل)

نہ محبت نہ محبت کی ادا ہے یارو

نہ ملامت نہ شکایت نہ جفا ہے یارو

غم کی تلخی ہے مگر کتنا مزہ ہے یارو

عالم‌ شوق کا عالم ہی جدا ہے یارو

رونق بزم بھی افسردہ چلی ساتھ ہی ساتھ

کون بادیدۂ نم اٹھ کے چلا ہے یارو

کوئی مرہم نہ مداوا نہ کہیں صدق و صفا

یہ بھی اک میرے زمانے کی ادا ہے یارو

میرے حالات سمجھ لیں گے سمجھنے والے

یہ خموشی بھی تکلم کی ادا ہے یارو

نیتیں بدلی ہیں رہبر نے تساہل برتا

قافلہ جب بھی ذرا بن کے چلا ہے یارو

دل میں زخموں کی دکھن ہونٹوں پہ آہوں کا دھواں

زندگی بھر کی وفاؤں کا صلہ ہے یارو

جتنے احسان ہیں مجھ پر نہیں بھولوں گا کبھی

چوٹ جب کھائی تمہیں یاد کیا ہے یارو

مری آواز نہیں ساز شکستہ کی صدا

کوئی سمجھے تو یہی بانگ درا ہے یارو

مصلحت وقت کی مایوس ہی لوٹی ہم سے

جو بھی کہنا تھا سر دار کہا ہے یارو

اب نہ ارمان نہ حسرت نہ الم ہے نہ خوشی

ہم سے دنیا نے ہمیں چھین لیا ہے یارو

مشعل نقد و نظر لے کے پرکھ لو سب کو

کون اغراض کی چوکھٹ پہ جھکا ہے یارو

میں نے نفرت کے شراروں کی لپٹ پائی ہے

ملنے والا جو کوئی ہنس کے ملا ہے یارو

اک وفا کیش محبت کا پرستار قمرؔ

غم کے صحراؤں میں خاموش کھڑا ہے یارو

مزید غزلیں از قمر عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں