پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر وارثی کی غزلیں — Qamar Warsi Ghazals

قمر وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تھا دم پرواز جانے کیسے منظر کا خیال (غزل)

تھا دم پرواز جانے کیسے منظر کا خیال

طائر دل نے نہ رکھا بال اور پر کا خیال

پھر کہاں ممکن رسائی منزل مقصود تک

ہو سفر کا شوق لیکن دل میں ہو گھر کا خیال

یوں جنوں کو جستجو عالم ادراک ہے

جیسے قطرے کی نظر میں ہو سمندر کا خیال

ہے مرے پیش نظر جب دشت ایثار و وفا

کس کو فرصت ہے کہ رکھے جسم کا سر کا خیال

فکر کے موتی بکھیرے جا رہا ہوں روز و شب

جانے کس مرکز پہ ٹھہرا زندگی بھر کا خیال

جان و دل کو سوز غم کی دے گیا رعنائیاں

جب اسے آیا ہے میرے دیدۂ تر کا خیال

اے قمرؔ یہ ہے دلیل عظمت فکر و شعور

پاؤں پھیلانے سے پہلے جب ہو چادر کا خیال

مزید غزلیں از قمر وارثی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں