پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر سنبھلی کی غزلیں — Qamar Sanbhali Ghazals

قمر سنبھلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مبہم تخیلات کے پیکر تراشنا (غزل)

مبہم تخیلات کے پیکر تراشنا

ہے مشغلہ خلاؤں میں منظر تراشنا

لڑنا ہر ایک لمحہ سمندر سے رات کے

اور خواب کے جزیرے میں اک گھر تراشنا

آنکھوں کو میری آپ نے سونپا ہے خوب کام

جگنو اچھالنا کبھی گوہر تراشنا

پیشانیوں پہ لکھنا خود اپنا ہمیں نصیب

ہاتھوں سے اپنے اپنا مقدر تراشنا

پیہم سلگتی دھوپ میں جلنا تمام دن

شب بھر حسین خوابوں کے پیکر تراشنا

کیا خوب لطف دینے لگی خود اذیتی

اچھا لگا خود اپنا ہمیں سر تراشنا

لہجے کی نرمیوں سے قمرؔ میرا رابطہ

ان کو عزیز طنز کے نشتر تراشنا

وہ حیرتوں کی مکمل کتاب لکھ دینا (غزل)

وہ حیرتوں کی مکمل کتاب لکھ دینا

سوال کرنے سے پہلے جواب لکھ دینا

شکست و ریخت کا پیہم عذاب لکھ دینا

وہ اس کا جاگتی آنکھوں میں خواب لکھ دینا

عجیب طرح بتانا حیات کا مفہوم

وہ انگلیوں سے ہوا پر حباب لکھ دینا

ہمارے گھر کے چراغوں کا امتحاں ہی سہی

تم آندھیوں کے مسلسل عذاب لکھ دینا

سمندروں کی بھی وسعت جو پیاس سے کم ہو

ہمارے خون جگر کو شراب لکھ دینا

اگر نہیں شجر سایہ دار رستوں میں

سروں پہ جلنے ہوئے آفتاب لکھ دینا

قمرؔ عجیب ہے اسلوب خامشی اس کا

بس اک نگاہ میں دل کی کتاب لکھ دینا

مزید غزلیں از قمر سنبھلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں