پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر رئیس کی غزلیں — Qamar Raees Ghazals

قمر رئیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے خاک وطن تیرے پرستار تو سب ہیں (غزل)

اے خاک وطن تیرے پرستار تو سب ہیں

ہم ہی ہوئے کیوں خار گنہ گار تو سب ہیں

ہم بھی ہیں کفن سر پہ اٹھائے ہوئے احساں

جلدی تھی تمہیں ورنہ سر دار تو سب ہیں

دیکھیں گے بنے شیشۂ جاں کس کا نشانہ

پتھر لیے یوں درپئے آزار تو سب ہیں

باہر نہ دھواں ہے نہ سلگنے کا نشاں ہے

اندر سے بھڑکتے ہوئے انگار تو سب ہیں

اے شہر اہنسا میں کھڑے ہیکل گاندھی

آ دیکھ ترے شہر میں خونخوار تو سب ہیں

حاکم بھی ہیں منصف بھی جو کہتے ہیں سر بزم

معصوم ہیں دو چار یہ غدار تو سب ہیں

اک نوح نہیں جو ہمیں کشتی میں بٹھا لے

ورنہ کسی طوفان کے آثار تو سب ہیں

مرنے کی کوئی راہ نہ جینے کا سبب ہے (غزل)

مرنے کی کوئی راہ نہ جینے کا سبب ہے

جینا بھی یہاں قہر ہے مرنا بھی غضب ہے

آ جاؤ یہ کوچہ بھی رہ گیسو و لب ہے

زنجیر بھی خنجر پہ لہو بھی یہاں سب ہے

سنتے ہوئے جگ بیت گیا قصۂ جمہور

اب اس کو حقیقت بھی بنا ڈالیے تب ہے

یہ آج فضا میں جو گھٹن ہے جو امس ہے

کہتے ہیں یہ طوفاں کے لیے حسن طلب ہے

پہچان ہی لے گا یہ لہو دامن قاتل

ہاں حشر کا ہنگام بتا دو کوئی کب ہے

اگر کوئی رت ستم ادا ہو (نظم)

اگر کوئی رت ستم ادا ہو

ہوا ہو برہم فضا مکدر

تو اس کو بڑھ کر گلے لگانا

اسے بدلنا اسے منانا میں جانتا ہوں

حریف کوئی انا گزیدہ

جو مجھ پہ تیکھی نگاہ ڈالے

تو اس کے تیور کی ہر کماں کو

اگر چڑھی ہو

اتار دوں تیشۂ نظر سے

کوئی مہم دے اگر چنوتی

مری عزیمت کا امتحاں لے

تو میری خود اعتمادیٔ جاں

اسے مسخر بنا کے چھوڑے

سوال یہ ہے

اگر کوئی پیر تسمہ پا

سفید بالوں سفید ابرو

کی برچھیاں اور کماں اٹھائے

غضب سے اپنے مجھے ڈرائے

تو اس سے کیوں کر پناہ پاؤں

وہ بڑھ کے اپنی کمند ڈالے

تو کیسے یہ جسم و جاں چھڑاؤں

کوئی تو ہو اس صدی کا گوتم

حکیم سینا کہ ابن مریم

جو دشت‌ عمر رواں کے گرداب سے نکالے

عذاب پیری کی کاہشوں سے

بشر کو لڑنے کا حوصلہ دے

مزید غزلیں از قمر رئیس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں