قمر رئیس بہرائچی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پل بھر کا بھروسہ نہیں سامان بہت ہے (غزل)
پل بھر کا بھروسہ نہیں سامان بہت ہے
یہ سوچ کے دل میرا پریشان بہت ہے
شہرت کی زمانے میں تمنا نہ کرو تم
اخلاق ہی انسان کی پہچان بہت ہے
تم کیسے بھلا پاؤ گے بھائی کی محبت
دیوار اٹھا لینا تو آسان بہت ہے
اڑ جائیں گے اک روز یہ لے کر کے قفس بھی
مظلوم پرندوں میں ابھی جان بہت ہے
جس سمت بھی جاؤ گے تمہیں پیار ملے گا
نفرت کا مرے شہر میں فقدان بہت ہے
تہذیب و ثقافت ہمیں ورثے میں ملی اور
اجداد کا ہم لوگوں پہ احسان بہت ہے
ہر حال میں رکھا ہمیں خوش حال جہاں میں
اللہ کا قمرؔ ہم پہ یہ احسان بہت ہے
دل کو سکوں ہے چین ہے راحت اسی سے ہے (غزل)
دل کو سکوں ہے چین ہے راحت اسی سے ہے
شکوہ بھی ہے اسی سے محبت اسی سے ہے
ورنہ مرے وجود کا کوئی نہ تھا وجود
پیہم بدن میں میرے حرارت اسی سے ہے
دل اس کا آئنے کی طرح خوش مزاج ہے
باقی جہان نو میں اخوت اسی سے ہے
اس نے جنوں کو میرے جواں سال کر دیا
وابستہ میری آج بھی شہرت اسی سے ہے
مانا کہ سنگ مجھ کو سمجھتا ہے وہ مگر
میری تمام شہر میں عزت اسی سے ہے
اس کی نوازشوں کا رہا سلسلہ دراز
یہ کائنات دل بھی تو جنت اسی سے ہے
اس نے مرے قلم کو ہیں بخشیں روانیاں
مضمون میں بھی میرے سلاست اسی سے ہے