پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر نقوی کی غزلیں — Qamar Naqvi Ghazals

قمر نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھر سے ترے نقوش نظر پہ عیاں ہوئے (غزل)

پھر سے ترے نقوش نظر پہ عیاں ہوئے

لو پھر وصال یار کے لمحے جواں ہوئے

اک بات بڑھ کے باعث ناراضگی ہوئی

کچھ لفظ منہ سے نکلے تو آہ و فغاں ہوئے

تیرے سبھی دروغ وجاہت میں چھپ گئے

اور میری صاف بات پہ کتنے گماں ہوئے

کیوں کر کریں گے یاد وہ درد فراق میں

ہم اس قدر قریب بھی ان کے کہاں ہوئے

مہلت ہی کب ملی کہ سنبھل پاتے ہم قمرؔ

ہم پر تو جتنے ظلم ہوئے ناگہاں ہوئے

یہ جھوٹوں کا زمانہ ہے کوئی سچ بات مت کہنا (غزل)

یہ جھوٹوں کا زمانہ ہے کوئی سچ بات مت کہنا

چنانچہ رات بے شک ہو مگر تم رات مت کہنا

جرائم سے تمہارے کوئی پردہ خاک اٹھائے گا

نفی کرتے رہو سختی سے تم اثبات مت کہنا

ضمیر اک ایسی دولت ہے کہ جو مشکل سے ملتی ہے

کسی کو اپنے منہ سے قبلۂ حاجات مت کہنا

یہی تو آج کل مجذوب ہونے کی علامت ہے

کہ حال غیب کہنا امر موجودات مت کہنا