پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر مرادآبادی کی غزلیں — Qamar Moradabadi Ghazals

قمر مرادآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

منزلوں کے نشاں نہیں ملتے (غزل)

منزلوں کے نشاں نہیں ملتے

تم اگر ناگہاں نہیں ملتے

آشیانے کا رنج کون کرے

چار تنکے کہاں نہیں ملتے

داستانیں ہزار ملتی ہیں

صاحب داستاں نہیں ملتے

یوں نہ ملنے کے سو بہانے ہیں

ملنے والے کہاں نہیں ملتے

انقلاب جہاں ارے توبہ

ہم جہاں تھے وہاں نہیں ملتے

دوستوں کی کمی نہیں ہمدم

ایسے دشمن کہاں نہیں ملتے

جن کو منزل سلام کرتی تھی

آج وہ کارواں نہیں ملتے

شاخ گل پر جو جھومتے تھے قمرؔ

آج وہ آشیاں نہیں ملتے

نظر ہے جلوۂ جاناں ہے دیکھیے کیا ہو (غزل)

نظر ہے جلوۂ جاناں ہے دیکھیے کیا ہو

شکست عشق کا امکاں ہے دیکھیے کیا ہو

ابھی بہار گزشتہ کا غم مٹا بھی نہیں

پھر اہتمام بہاراں ہے دیکھیے کیا ہو

قدم اٹھے بھی نہیں بزم ناز کی جانب

خیال ابھی سے پریشاں ہے دیکھیے کیا ہو

کسی کی راہ میں کانٹے کسی کی راہ میں پھول

ہماری راہ میں طوفاں ہے دیکھیے کیا ہو

خرد کا زور ہے آرائش گلستاں پر

جنوں حریف بہاراں ہے دیکھیے کیا ہو

جس ایک شاخ پہ بنیاد ہے نشیمن کی

وہ ایک شاخ بھی لرزاں ہے دیکھیے کیا ہو

ہے آج بزم میں پھر اذن عام ساقی کا

قمرؔ ہنوز مسلماں ہے دیکھیے کیا ہو

مزید غزلیں از قمر مرادآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں