قمر جمیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک پتھر کہ دست یار میں ہے (غزل)
ایک پتھر کہ دست یار میں ہے
پھول بننے کے انتظار میں ہے
اپنی ناکامیوں پہ آخر کار
مسکرانا تو اختیار میں ہے
ہم ستاروں کی طرح ڈوب گئے
دن قیامت کے انتظار میں ہے
اپنی تصویر کھینچتا ہوں میں
اور آئینہ انتظار میں ہے
کچھ ستارے ہیں اور ہم ہیں جمیلؔ
روشنی جن سے رہ گزار میں ہے
آسماں پر اک ستارہ شام سے بیتاب ہے (غزل)
آسماں پر اک ستارہ شام سے بیتاب ہے
میری آنکھوں میں تمہارا غم نہیں ہے خواب ہے
رات دریا آئنے میں اس طرح آیا کہ میں
یہ سمجھ کر سو گیا دریا نہیں اک خواب ہے
کامنی صورت میں بھی اک آرزو ہے محو خواب
سانولی رنگت میں بھی اک وصل کا کمخواب ہے
میری خاطر کچھ سنہری سانولی مٹی بھی تھی
ورنہ اس کا جسم سارا روشنی کا خواب ہے
آسماں اک بستر سنجاب لگتا ہے مجھے
اور یہ قوس قزح جیسے کوئی محراب ہے
کس کے استقبال کو اٹھے تھے دیوانوں کے ہاتھ
کس کے ماتم کو یہاں یہ مجمع احباب ہے
یا الہ آباد میں رہیے جہاں سنگم بھی ہو
یا بنارس میں جہاں ہر گھاٹ پر سیلاب ہے
اس نہنگ تشنہ سے زور آزما ہو کر جمیلؔ
بھول مت جانا کہ آگے بھی وہی گرداب ہے
میری آنکھیں میری جان (نظم)
میری آنکھیں میری جان
تیرا عبادت خانہ
اور اپنے لیے اک نار جحیم
میرا دل ہرنوں کے لیے
میدان عظیم
اور اپنے لیے اک خانۂ بیم
دیکھ ذرا حلاج کا رقص
جس نے اپنی مٹی
اپنا خون
نہ سمجھا اپنا خون
جس کے لیے لایا ہے کوئی
ایک وصال دوام
ایک چراغ مبین