پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر جلالوی کی غزلیں — Qamar Jalalvi Ghazals

قمر جلالوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے مرے ہم نشیں چل کہیں اور چل اس چمن میں اب اپنا گزارہ نہیں (غزل)

اے مرے ہم نشیں چل کہیں اور چل اس چمن میں اب اپنا گزارہ نہیں

بات ہوتی گلوں تک تو سہہ لیتے ہم اب تو کانٹوں پہ بھی حق ہمارا نہیں

آج آئے ہو تم کل چلے جاؤ گے یہ محبت کو اپنی گوارہ نہیں

عمر بھر کا سہارا بنو تو بنو دو گھڑی کا سہارا سہارا نہیں

دی صدا دار پر اور کبھی طور پر کس جگہ میں نے تم کو پکارا نہیں

ٹھوکریں یوں کھلانے سے کیا فائدہ صاف کہہ دو کہ ملنا گوارہ نہیں

گلستاں کو لہو کی ضرورت پڑی سب سے پہلے ہی گردن ہماری کٹی

پھر بھی کہتے ہیں مجھ سے ی اہل چمن ی چمن ہے ہمارا تمہارا نہیں

ظالمو اپنی قسمت پہ نازاں نہ ہو دور بدلے گا یہ وقت کی بات ہے

وہ یقیناً سنے گا صدائیں مری کیا تمہارا خدا ہے ہمارا نہیں

اپنی زلفوں کو رخ سے ہٹا لیجیے مرا ذوق نظر آزما لیجیے

آج گھر سے چلا ہوں یہی سوچ کر یا تو نذریں نہیں یا نظارہ نہیں

جانے کس کی لگن کس کے دھن میں مگن ہم کو جاتے ہوئے مڑ کے دیکھا نہیں

ہم نے آواز پر تم کو آواز دی پھر بھی کہتے ہیں ہم نے پکارا نہیں

ان کی طرف سے ترک ملاقات ہو گئی (غزل)

ان کی طرف سے ترک ملاقات ہو گئی

ہم جس سے ڈر رہے تھے وہی بات ہو گئی

آئینہ دیکھنے میں نئی بات ہو گئی

ان سے ہی آج ان کی ملاقات ہو گئی

طے ان سے روز حشر ملاقات ہو گئی

اتنی سی بات کتنی بڑی بات ہو گئی

کم ظرفیٔ حیات سے تنگ آ گیا تھا میں

اچھا ہوا قضا سے ملاقات ہو گئی

دن میں بھٹک رہے ہیں جو منزل کی راہ سے

یہ لوگ کیا کریں گے اگر رات ہو گئی

آئے ہیں وہ مریض محبت کو دیکھ کر

آنسو بتا رہے ہیں کوئی بات ہو گئی

تھا اور کون پوچھنے والا مریض کا

تم آ گئے تو پرسش حالات ہو گئی

اے بلبل بہار چمن اپنی خیر مانگ

صیاد و باغباں میں ملاقات ہو گئی

جب زلف یاد آ گئی یوں اشک بہہ گئے

جیسے اندھیری رات میں برسات ہو گئی

گلشن کا ہوش اہل جنوں کو بھلا کہاں

صحرا میں پڑ رہے تو بسر رات ہو گئی

در پردہ بزم غیر میں دونوں کی گفتگو

اٹھی ادھر نگاہ ادھر بات ہو گئی

کب تک قمرؔ ہو شام کے وعدے کا انتظار

سورج چھپا چراغ جلے رات ہو گئی

مزید غزلیں از قمر جلالوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں