پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر جلال آبادی کی غزلیں — Qamar Jalalabadi Ghazals

قمر جلال آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیوانوں سے یہ مت پوچھو دیوانوں پہ کیا گزری ہے (غزل)

دیوانوں سے یہ مت پوچھو دیوانوں پہ کیا گزری ہے

ہاں ان کے دلوں سے یہ پوچھو ارمانوں پہ کیا گزری ہے

اوروں کو پلاتے رہتے ہیں اور خود پیاسے رہ جاتے ہیں

یہ پینے والے کیا جانیں پیمانوں پہ کیا گزری ہے

مالک نے بنایا انساں کو انسان محبت کر بیٹھا

وہ اوپر بیٹھا کیا جانے انسانوں پہ کیا گزری ہے

چھوٹی سی بے رخی پہ شکایت کی بات ہے (غزل)

چھوٹی سی بے رخی پہ شکایت کی بات ہے

اور وہ بھی اس لئے کہ محبت کی بات ہے

میں نے کہا کہ آئے ہو کتنے دنوں کے بعد

کہنے لگے حضور یہ فرصت کی بات ہے

میں نے کہا کی مل کے بھی ہم کیوں نہ مل سکے

کہنے لگے حضور یہ قسمت کی بات ہے

میں نے کہا کہ رہتے ہو ہر بات پر خفا

کہنے لگے حضور یہ قربت کی بات ہے

میں نے کہا کہ دیتے ہیں دل تم بھی لاؤ دل

کہنے لگے کہ یہ تو تجارت کی بات ہے

میں نے کہا کبھی ہے ستم اور کبھی کرم

کہنے لگے کہ یہ تو طبیعت کی بات ہے