قمر عباس قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرے دماغ پہ آسیب کا اثر تو نہیں (غزل)
مرے دماغ پہ آسیب کا اثر تو نہیں
گماں گزرتا ہے یہ دشت میرا گھر تو نہیں
پلٹنے والے پرندوں پہ بد حواسی ہے
میں اس زمیں کا کہیں آخری شجر تو نہیں
بلند ہوتے ہوئے دیکھ لے زمیں کی طرف
کہ تیرے پاؤں کے نیچے کسی کا سر تو نہیں
کسی کے حق میں میں جھوٹی گواہی کیوں دے دوں
کوئی بھی ہو میرے لفظوں سے معتبر تو نہیں
پہاڑ پیڑ ندی ساتھ دے رہے ہیں مرا
یہ تیری اور مرا آخری سفر تو نہیں
عجیب شور سا اٹھتا ہے میرے سینہ میں
میرے علاوہ کوئی اور نوحہ گر تو نہیں
اس شہر میں کچھ لوگوں سے پہچان ابھی ہے (غزل)
اس شہر میں کچھ لوگوں سے پہچان ابھی ہے
یعنی کہ مرے ہونے کا امکان ابھی ہے
اک شعر سے خائف ہوا جاتا ہے زمانہ
اس میز پہ رکھا مرا دیوان ابھی ہے
یہ شور بنے گا کسی بیکس کا ترانہ
دنیا مری زنجیر سے حیران ابھی ہے
یہ ہجر مسلسل ہے مگر وصل کا امکان
میں کہہ تو رہا ہوں نا مری جان ابھی ہے
اس نے مری آواز پہ لبیک پکارا
اس عالم غربت میں اک انسان ابھی ہے
لیلائے سخن تجھ پہ بھی حیرت ہے کہ تیرا
دل درد کے احساس سے انجان ابھی ہے
مجنوں سے یہ کہنا کہ مرے شہر میں آ جائے
وحشت کے لیے ایک بیابان ابھی ہے