پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر آسی کی غزلیں — Qamar Aasi Ghazals

قمر آسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چندا بھی بس رات میں اچھا لگتا ہے (غزل)

چندا بھی بس رات میں اچھا لگتا ہے

ہر بندہ اوقات میں اچھا لگتا ہے

چہرہ لال گلابی سا ہو جاتا ہے

وہ مجھ کو جذبات میں اچھا لگتا ہے

مل کر چھیڑتے رہتے ہیں سب یار مجھے

ذکر ترا ہر بات میں اچھا لگتا ہے

سجتے ہیں اس شوخ بدن پر سارے رنگ

ہر کنگن اس ہاتھ میں اچھا لگتا ہے

اچھا لگتا ہے وہ جیسے گل گلاب

پھولوں کی بہتات میں اچھا لگتا ہے

یاد گئے لمحوں کو کر کے رو لینا

مجھ کو ہر برسات میں اچھا لگتا ہے

چھوڑ دے آسیؔ پیار کو چل مزدوری کر

عشق اچھے حالات میں اچھا لگتا ہے

عاقل ہے با شعور ہے کافی ذہین بھی (غزل)

عاقل ہے با شعور ہے کافی ذہین بھی

اس پر ہے مستزاد وہ از حد حسین بھی

بوسہ کسی بھی پھول کا ہم نے نہیں لیا

رخسار منتظر رہے لب بھی جبین بھی

گھر لے لیا ہے عین ترے گھر کے سامنے

اور اک خرید لایا ہوں میں دوربین بھی

سب کام ہو رہے ہیں عجیب اس قدر عجیب

لکھنے سے پہلے سوچتے ہیں کاتبین بھی

اک شوخ و شنگ طفل چھپا ہے درون دل

سنجیدہ لگ رہا ہوں بظاہر متین بھی

آنکھوں میں جس کی رحم ہو ہاتھوں میں روٹیاں

وہ شخص مفلسوں کا دھرم بھی ہے دین بھی

انسانیت کے جسم پہ چند ایسے داغ ہیں

جن پر ہے شرمسار فلک اور زمین بھی

ہنستے ہوئے مرے گا کوئی دل گزیدہ شخص

آئے گا اس ڈرامے کے اندر وہ سین بھی

اشعار گر سفر نہ کریں دل سے دل تلک

دیتے نہیں ہیں داد قمرؔ سامعین بھی

مزید غزلیں از قمر آسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں