پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر بدایونی کی غزلیں — Qamar Badayuni Ghazals

قمر بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جہاں دل کا رونا وہاں دل لگی ہے (غزل)

جہاں دل کا رونا وہاں دل لگی ہے

ہماری مصیبت ہے ان کی ہنسی ہے

کہاں ظرف میرا کہاں ساغر مے

پلا دے تو ساقی کی دریا دلی ہے

خدا کے لئے کج ادائی کو چھوڑو

تم اچھے ہو لیکن یہ عادت بری ہے

وصال ان کا ممکن ہو یا غیرممکن

بہر حال میری تمنا یہی ہے

انہیں مجھ سے ضد ہوگی نفرت نہ ہوگی

نتیجہ تو ہر حال میں ایک ہی ہے

ہے اک راز سر بستہ روداد میری

نہ میں نے کہی ہے نہ اس نے سنی ہے

وہ کہتے ہیں واقف نہیں ہم قمرؔ سے

سنا ہے بڑا بد نصیب آدمی ہے

بھلا جان کر کون رنجور ہوگا (غزل)

بھلا جان کر کون رنجور ہوگا

مقدر سے جب تک نہ مجبور ہوگا

کسی سے وفا اب بھی کی ہے کسی نے

کبھی اگلے وقتوں میں دستور ہوگا

تمہاری خوشی پر ہے ملنا نہ ملنا

گوارا کرو گے تو منظور ہوگا

سنوں کیا تمہاری کہ میں جانتا ہوں

وہی بزم دشمن کا مذکور ہوگا

مجھے مار ڈالا یہ کہہ کر کسی نے

جو کچھ تم کہو گے وہ منظور ہوگا

تجھے کیا بتاؤں کہ تو کیا ہے ظالم

کہ یہ سن کے تو اور مغرور ہوگا

جو ہم چاہتے ہیں وہ ہوگا یقیناً

بشرطیکہ تم کو بھی منظور ہوگا

شکایت کے شکووں کی حد بھی ہے آخر

یہ غم آپ کے دل سے کب دور ہوگا

یہ کیا پوچھتے ہو مجھے کیوں دیا دل

سمجھ لو کہ اک شخص مجبور ہوگا

رقیبوں کی طاقت تھی ہم سے الجھتے

تجھے خود ہی ظالم یہ منظور ہوگا

یہاں تو مقدر کو روتے ہی گزری

جو مسرور ہوگا وہ مسرور ہوگا

کہا میں نے ہوگا ستم یوں ہی مجھ پر

تو کہنے لگے ہاں بدستور ہوگا

چھپاؤ قمرؔ لاکھ راز محبت

مگر دیکھ لینا یہ مشہور ہوگا

مزید غزلیں از قمر بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں