قیصر قلندر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اندیشوں کے شہر میں رہنا تیری میری عادت ہے (غزل)
اندیشوں کے شہر میں رہنا تیری میری عادت ہے
محرومی کے صدمے سہنا تیری میری عادت ہے
ارمانوں کی نازک مالائیں پہنانا شاموں کو
یاد پون کے ساتھ ہی بہنا تیری میری عادت ہے
خوب سلگتے جانا برفیلے لمحوں کے سایوں میں
دکھ کا ایک بھی لفظ نہ کہنا تیری میری عادت ہے
خوابوں سے بہلانا دل کو ہو جانا بے حد مسرور
لوگوں کی تعبیریں سہنا تیری میری عادت ہے
صبح ارادے دن تدبیریں شام خلش اور شب تشویش
ہر حالت میں زندہ رہنا تیری میری عادت ہے
قرب قیصرؔ بے بس ہونا دوری کا سہہ لینا روگ
جینے کی روداد نہ کہنا تیری میری عادت ہے
تجھ سے بچھڑ کے درد ترا ہم سفر رہا (غزل)
تجھ سے بچھڑ کے درد ترا ہم سفر رہا
میں راہ آرزو میں اکیلا کبھی نہ تھا
یہ اور بات رات جواں تھی جواں رہی
ساقی اداسیوں کے مجھے جام دے گیا
بازار وقت سے کہاں جنس وفا گئی
تنہا ہے ماہ مصر کا جلتا ہوا دیا
تاریک تھی یہ رات مگر یاد کی کرن
آئی تو نور حسن کا دروازہ پھر کھلا
حائل ہوئے دلوں پہ یہ انجانے فاصلے
پہلے ہمارے درمیاں کوئی فاصلہ نہ تھا
ہاتھوں میں رات آس کی شمعیں لئے ہوئے
تاریکیوں میں تجھ کو پکارا ہے بارہا
اے جنت خیال نگاہ فسوں شعار
قیصرؔ کو اپنے گیسوؤں میں آج پھر چھپا