پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیصر شمیم کی غزلیں — Qaisar Shameem Ghazals

قیصر شمیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تھوڑی سی شہرت بھی ملی ہے تھوڑی سی بدنامی بھی (غزل)

تھوڑی سی شہرت بھی ملی ہے تھوڑی سی بدنامی بھی

میری سیرت میں اے قیصرؔ خوبی بھی ہے خامی بھی

کتنے عاشق سنبھل گئے ہیں میرا فسانہ سن سن کر

میرے حق میں جیسی بھی ہو کام کی ہے ناکامی بھی

محفل محفل ذکر ہمارا سوچ سمجھ کے کر واعظ

اپنے مخالف بھی ہیں کتنے اور ہیں کتنے حامی بھی

ایسا تو ممکن ہی نہیں ہے چاند میں کوئی داغ نہ ہو

جس میں ہوگی کچھ بھی خوبی اس میں ہوگی خامی بھی

میرا مذہب عشق کا مذہب جس میں کوئی تفریق نہیں

میرے حلقے میں آتے ہیں تلسیؔ بھی اور جامیؔ بھی

یوں تو سکوں کے لمحے قیصرؔ ہوتے ہیں انمول بہت

لیکن اپنے کام آتی ہے دل کی بے آرامی بھی

ہونے لگے ہیں رستے رستے، آپس کے ٹکراؤ بہت (غزل)

ہونے لگے ہیں رستے رستے، آپس کے ٹکراؤ بہت

ایک ساتھ کے چلنے والوں میں بھی ہے الگاؤ بہت

بہکے بہکے سے بادل ہیں کیا جانے یہ جائیں کدھر

بدلی ہوئی ہواؤں کا ہے ان پر آج دباؤ بہت

سوچ کا ہے یہ پھیر کہ یارو پیچ و خم کی دنیا میں

ڈھونڈ رہے ہو ایسا رستہ جس میں نہیں گھماؤ بہت

اپنے آپ میں الجھی ہوئی اک دنیا ہے ہر شخص یہاں

سلجھے ہوئے ذہنوں میں بھی ہیں چھپے ہوئے الجھاؤ بہت

میرے عہد کے انسانوں کو پڑھ لینا کوئی کھیل نہیں

اوپر سے ہے میل محبت، اندر سے ہے کھنچاؤ بہت