پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیصر نظامی کی غزلیں — Qaisar Nizami Ghazals

قیصر نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہہ رہی ہے ساری دنیا تیرا دیوانہ مجھے (غزل)

کہہ رہی ہے ساری دنیا تیرا دیوانہ مجھے

تیری نظروں نے بنا ڈالا ہے افسانہ مجھے

عشق میں اب مل گئی ہے مجھ کو معراج جنوں

اب تو وہ بھی کہہ رہے ہیں اپنا دیوانہ مجھے

درس عبرت ہے تمہارے واسطے میرا مآل

غنچہ و گل کو سنانا ہے یہ افسانہ مجھے

اک نگاہ ناز نے ساقی کی یہ کیا کر دیا

رفتہ رفتہ کہہ اٹھے سب پیر مے خانہ مجھے

تو سراپا نور ہے میں تیرا عکس خاص ہوں

کہہ رہے ہیں یوں ترا سب آئینہ خانہ مجھے

سن رہی تھی شوق سے دنیا جسے اے ہم نفس

یاد ہے ہاں یاد ہے وہ میرا افسانہ مجھے

نور سے بھر پور ہو جاتی ہے بزم آرزو

جب کبھی وہ دیکھتے ہیں بے حجابانہ مجھے

المدد اے زہد بڑھ کر روک لے میرے قدم

تشنگی پھر لے چلی ہے سوئے مے خانہ مجھے

ہم نفس میری تو فطرت ہی ثنائے حسن ہے

عشق کے بندے کہا کرتے ہیں دیوانہ مجھے

مجھ کو قیصرؔ مے کدے سے نکلے اک مدت ہوئی

یاد کرتے ہیں ابھی تک جام و پیمانہ مجھے

تجھے بھی چین نہ آئے قرار کو ترسے (غزل)

تجھے بھی چین نہ آئے قرار کو ترسے

چمن میں رہ کے چمن کی بہار کو ترسے

الٰہی برق وہ ٹوٹے جمال پر تیرے

کلی کی طرح سے تو بھی نکھار کو ترسے

تمام عمر رہے میرا منتظر تو بھی

تمام عمر مرے انتظار کو ترسے

نہ ہو نصیب محبت کی زندگی تجھ کو

سکون زیست کو ڈھونڈے قرار کو ترسے

دعا ہے قیصرؔ مہجور کی یہی پیہم

کہ تو بھی جلوۂ رخسار یار کو ترسے

مزید غزلیں از قیصر نظامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں