پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیصر عمران سیالوی کی غزلیں — Qaisar Imran Sialvi Ghazals

قیصر عمران سیالوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نے اس شہر میں آنا ہے چلے جانا ہے (غزل)

ہم نے اس شہر میں آنا ہے چلے جانا ہے

آپ کے دل کو چرانا ہے چلے جانا ہے

ہم بھی بیٹھے ہیں تری راہ میں جانے والے

تجھ کو بس اتنا بتانا ہے چلے جانا ہے

آنے والے تجھے معلوم نہیں ہے شاید

ایک وعدہ ہے نبھانا ہے چلے جانا ہے

زندگی اتنی تو مہلت تجھے دینا ہوگی

میں نے اک شخص منانا ہے چلے جانا ہے

دن برے ہیں مجھے معلوم ہے قیصرؔ سب نے

دور سے ہاتھ ہلانا ہے چلے جانا ہے

بات ایسی نہیں اس بات پہ رونا آیا (غزل)

بات ایسی نہیں اس بات پہ رونا آیا

ہم کو تو گردش حالات پہ رونا آیا

بھول کر بھی نہیں سوچا تھا بچھڑ جائیں گے

آخری ان سے ملاقات پہ رونا آیا

چھوڑ کر چل دئیے جس رات وہ مجھ کو تنہا

یاد کر کے مجھے اس رات پہ رونا آیا

ان کی باتوں کو سنا غور سے میرے بارے

کیا وہ رکھتے ہیں خیالات پہ رونا آیا

اتنا کم تر تو نہ تھا جتنا سمجھ بیٹھے وہ

آج اپنی ہی مجھے ذات پہ رونا آیا

کل تلک جو بھی سوالات تھے تم سے قیصرؔ

آج اپنے ہی سوالات پہ رونا آیا

مزید غزلیں از قیصر عمران سیالوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں