قیصر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تصور کی نزاکت بڑھ کے جب معیار تک پہنچی (غزل)
تصور کی نزاکت بڑھ کے جب معیار تک پہنچی
جو صورت سامنے آئی مرے اشعار تک پہنچی
دو روزہ زندگی کی لغزشوں میں طول ہے کتنا
ذرا سی بات بڑھ کر حشر کے بازار تک پہنچی
فضائے گلستاں پر ایک سناٹا ہوا طاری
اسیران قفس کی آہ جب گلزار تک پہنچی
وہ حسن زندگی اس دور میں پیدا کرے کوئی
زلیخا جس کو لینے مصر کے بازار تک پہنچی
معمہ دشمنی کا دوستی سے حل ہوا قیصرؔ
مری شرح محبت جب لب اغیار تک پہنچی
آ گئے تو اور بھی نزدیک آنا چاہیے (غزل)
آ گئے تو اور بھی نزدیک آنا چاہیے
اب پرانی رنجشوں کو بھول جانا چاہیے
ہم جہاں تھے اس سطح سے اور نیچے آ گئے
اس زمانے تک پہنچنے کو زمانہ چاہیے
اے جنوں کچھ دیر یہ شغل ہوا خوری سہی
خشک پتوں کو ہواؤں میں اڑانا چاہیے
گھر میں ہم محفوظ رہ کر بھی حفاظت سے نہیں
شہر کا موسم بدلنے کو زمانہ چاہیے
پاؤں میں زنجیر اور ہاتھوں میں ہے سیف و قلم
سوچیے اس شہر میں رہنا کہ جانا چاہیے
لرزاں لرزاں تھرتھراہٹ کا اثر جس میں نہ ہو
زلزلوں کے سامنے وہ آشیانہ چاہیے
نازکی یوں ہے غزل کی دھوپ میں جیسے گلاب
سایہ سایہ شعر اے قیصرؔ سنانا چاہیے