قیصر حیدری دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عمر تھوڑی ہے اور کام بہت (غزل)
عمر تھوڑی ہے اور کام بہت
زندگی بھی ہے تیز گام بہت
آ تو پہنچے ہیں اپنی منزل پر
ہاں مگر ہو گئی ہے شام بہت
طائر دل کی سب نظر میں ہے
یوں تو پھیلے ہوئے ہیں دام بہت
عمر بھر کیف کم نہیں ہوتا
پینے والے کو ایک جام بہت
پینے والوں کا ظرف ہے درکار
شیشہ ساقی صراحی جام بہت
دور جمہور میں بھی اے قیصرؔ
لوگ کرتے ہیں کیوں سلام بہت
تم نے کیوں ہنس کے مجھے ایک نظر دیکھ لیا (غزل)
تم نے کیوں ہنس کے مجھے ایک نظر دیکھ لیا
آج کیا آ گئی جی میں جو ادھر دیکھ لیا
ہم کس امید پہ آئندہ کوئی آہ کریں
ہم نے کس آہ کو ممنون اثر دیکھ لیا
کروٹیں لیتے ہوئے تم بھی تصور میں ملے
تم کو بھی زینت آغوش نظر دیکھ لیا
تیرے بیمار کو کیوں دیکھنے آئے تھے طبیب
پیار کی آنکھ سے تو نے نہ ادھر دیکھ لیا
کیوں خفا ہوتے ہو کیوں پڑ گئی ماتھے پہ شکن
کیا ہوا چشم محبت سے اگر دیکھ لیا
گرتی پڑتی لب قیصرؔ سے دعا نکلی ہے
یہ ہی آثار اثر ہیں تو اثر دیکھ لیا