قیصر امراوتوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شمع محفل ہو کے بھی گرویدۂ محفل نہیں (غزل)
شمع محفل ہو کے بھی گرویدۂ محفل نہیں
میں ہوں دنیا میں مگر دنیا میں میرا دل نہیں
میرے دل کی دھڑکنیں جب تک ہیں طوفاں سینکڑوں
موج بیتابی ہے میری زندگی ساحل نہیں
یہ نمازوں میں خیال جنت و حور و قصور
زاہد کج بیں ابھی نو مشق ہے کامل نہیں
بے نیاز فکر منزل بے خودی نے کر دیا
اب مرے دامن پہ داغ حسرت منزل نہیں
نا خدا کیوں آسماں کو تک رہا ہے بار بار
رخ ادھر کشتی کا اب کر دے جدھر ساحل نہیں
اک دل دیوانہ تھا جاتا رہا جانے بھی دو
یہ کہو کیوں آج کل سی رونق محفل نہیں
میری فطرت ہی نہیں قیصرؔ کہ میں چھپ کر پیوں
جس میں کھٹکا ہو وہ جنت بھی مرے قابل نہیں
عشق کیا ہے غم ہستی کا فنا ہو جانا (غزل)
عشق کیا ہے غم ہستی کا فنا ہو جانا
پیکر خاک کا مٹ مٹ کے خدا ہو جانا
یہ دو دو جہاں ہے تری زلفوں کا اسیر
راس آیا ہے اسے صید بلا ہو جانا
نا خدائی پہ ہے ناز اہل سفینہ ہشیار
نا خدا چاہتا ہے آپ خدا ہو جانا
سینکڑوں سجدوں میں واعظ کو ہوا ہے حاصل
زینت محفل ارباب ریا ہو جانا
فیض عاصی ہے کہ اس بزم سخن میں قیصرؔ
ہے میسر مجھے یوں گرم نوا ہو جانا
نہ اضطراب غزنوی نہ مشرب ایاز ہے (نظم)
نہ اضطراب غزنوی نہ مشرب ایاز ہے
نہ خون میں حرارتیں نہ سوز ہے نہ ساز ہے
نہ ذوق جام و مے کدہ نہ بت کدہ کی آرزو
نہ طوف کوئے یار کا نہ حسرتیں نہ جستجو
نہ ذوق تیغ ناز ہے نہ شوق ناوک نظر
نہ نالۂ حزیں رسا نہ آہ سرد میں اثر
نہ ہم نشیں نہ ولولہ کہ لو کہیں لگائیں ہم
نہ حوصلہ کہ سختیاں فراق کی اٹھائیں ہم
نہ ساز عشق غم ربا نہ کیف زا ہے جام غم
نہ اضطراب ہجر ہے نہ انتظار شام غم
نہ سر خوشی نہ عاقلی نہ عاشقی نہ بندگی
نہ نغمۂ طرب فزا نہ غم طراز زندگی
مسرتیں نہ راحتیں محبتیں نہ لذتیں
بڑھی ہوئی کدورتیں بڑھی ہوئی عداوتیں
نہ درد مند عشق ہیں نہ چارہ ساز درد ہیں
اٹھے تو کیا رہے تو کیا کہ رہ گزر کی گرد ہیں
نہ شورشیں نہ کاوشیں نہ جوش ہے نہ ولولہ
بجھی ہوئی طبیعتیں بجھا ہوا سا حوصلہ
اگر یہی ہے زندگی اگر یہی شباب ہے
تو میں کہوں گا دوستو یہ مستقل عذاب ہے