قدیر ایاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گمنام کیا کرو گے چلو ہم ہی کھو گئے (غزل)
گمنام کیا کرو گے چلو ہم ہی کھو گئے
اوڑھے کفن وفا کا سکوں پا کے سو گئے
سناٹا ہوتا آیا ہے جن کی صداؤں پر
خاموش کرنے والے ہی خاموش ہو گئے
نظریں تلاش کرتی ہیں محفل میں اب انہیں
محفل کو سونی چھوڑ کے محفل سے جو گئے
والد جو لوٹ آئے تو کھانے کو لائیں گے
بچے اس انتظار میں بھوکے ہی سو گئے
کیسے کہوں ایازؔ غزل کس طرح کہی
ہر لفظ اپنے خون میں ہم تو ڈبو گئے
آنکھ ان کی نہیں دریچہ ہے (غزل)
آنکھ ان کی نہیں دریچہ ہے
اس دریچے میں خود کو دیکھا ہے
دل پہ نشتر چلا کے پوچھتے ہیں
حال دل اب جناب کیسا ہے
بھوکا سب کو اٹھاتا وہ لیکن
بھوکا ہرگز نہیں سلاتا ہے
دوست ہی تذکرہ نہیں کرتے
دشمنوں میں بھی میرا چرچا ہے
وہ غریبوں کو دان کیا کرتا
دھرم ایمان جس کا پیسہ ہے
میری فطرت سے وہ جدا نکلا
یوں تو کہنے کو میرا بیٹا ہے
مہنگا اب تو یہاں ہے پانی تک
خون انساں بڑا ہی سستا ہے
تو نے جس کو سمجھ لیا اپنا
تیری نظروں کا صرف دھوکا ہے
بستر مرگ پر ہے باپ مگر
بیٹا سسرال جا کے بیٹھا ہے
وہ بڑا دل جلا ہی ہوگا ایازؔ
جوتا بش پر جو اس نے پھینکا ہے