پونم نورین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوا سے بات کرنا چاہتی ہوں (غزل)
ہوا سے بات کرنا چاہتی ہوں
میں شعلہ ہوں بکھرنا چاہتی ہوں
میں سیدھی سادی سی لڑکی ہوں لیکن
تری خاطر سنورنا چاہتی ہوں
مرے پیروں میں دریا بہہ رہا ہے
سمندر میں اترنا چاہتی ہوں
وہ صورت بھولتی جاتی ہے مجھ کو
میں اس کو یاد کرنا چاہتی ہوں
محبت روگ بنتی جا رہی ہے
میں وعدے سے مکرنا چاہتی ہوں
بہت الجھی ہوئی ہستی ہوں پونمؔ
ذرا سا اب سنورنا چاہتی ہوں
رنگ سے خاک سے گزر جاؤں (غزل)
رنگ سے خاک سے گزر جاؤں
حد افلاک سے گزر جاؤں
دست امکاں سے چاک پہ اتروں
اور پھر چاک سے گزر جاؤں
موجۂ آتش و ہوا کی طرح
خس و خاشاک سے گزر جاؤں
ایک دن لے کے دل کے صحرا کو
چشم نمناک سے گزر جاؤں
کسی چنگاری کی طرح پونمؔ
اپنی ہی راکھ سے گزر جاؤں
مزید غزلیں از پونم نورین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں