پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پنڈت امرناتھ ہوشیارپوری کی غزلیں — Pundit Amar Nath Hoshiyarpuri Ghazals

پنڈت امرناتھ ہوشیارپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پت جھڑ کے نظاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں (غزل)

پت جھڑ کے نظاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

بے کیف بہاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

تقدیر کے ماروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

میں ڈوبتے تاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

پھر دوستوں یاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

سانپوں کی قطاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

ہیں دفن جہاں میری تمناؤں کے اہرام

ان اجڑے دیاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

تو بھی تو ہزاروں کی طرف دیکھ خدارا

میں بھی تو ہزاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

تو غنچہ ہے غنچوں کی طرف دیکھ رہا ہے

میں خار ہوں خاروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

سرشار کنارے بھی ہیں اب ڈوبنے والے

بے کار کناروں کی طرف دیکھ رہا ہوں

آئے آنے کو ہزاروں غم ہزاروں غم گئے (غزل)

آئے آنے کو ہزاروں غم ہزاروں غم گئے

غم زیادہ سے زیادہ آئے کم سے کم گئے

دم دلاسے حوصلے دیتے مسیحا دم گئے

آئے بے حد خوش مگر با دیدۂ پر نم گئے

اب نہ آنا تم پئے بیمار پرسی دوستو

اب یہی الفاظ کافی ہیں تم آئے ہم گئے

اڑ گئے تو اڑ گئے کافور کی مانند ہم

جم گئے تو انجمن میں صورت یخ جم گئے

در بدر دھونی رمانے والے رمتے اب کہاں

در بہ در دھونی رمانے والے رمتے رم گئے

یورش برق و بلا میں کب مرا دم خم گیا

جل گئی رسی تو کیا کیا اس کے پیچ و خم گئے

اب تو اپنے آپ میں بھی حضرت آدم نہیں

اب تو اپنے آپ سے بھی حضرت آدم گئے