پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پریمودا الحان کی غزلیں — Priyamvada Ilhan Ghazals

پریمودا الحان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم کبھی میری طرح برباد ہو کر دیکھنا (غزل)

تم کبھی میری طرح برباد ہو کر دیکھنا

میں نے جو اک عمر دیکھا اس کو پل بھر دیکھنا

آنکھ کی خاموشیوں میں کتنے طوفاں ہیں چھپے

ایک موج یاد بس اور پھر وہ منظر دیکھنا

ساتھ تھے تو جذبوں میں احساس شدت کچھ نہ تھا

وقت رخصت دونوں کا وہ آنکھ بھر بھر دیکھنا

یوں تو کچھ کمتر نہیں ہے ہر کسی کو چاہنا

دل کا سب اسباب لیکن اک کو دے کر دیکھنا

آشنا نظریں تو کب کی ہو گئیں نا آشنا

پھر بھی عادت سی ہے آتے جاتے وہ گھر دیکھنا

مردہ آنکھیں دیکھنے سے بڑھ کے وحشت ناک ہے

زندہ آنکھوں میں کسی کی موت کا ڈر دیکھنا

عشق کا مرکز ہے جو اس لڑکے کو لائے کوئی (غزل)

عشق کا مرکز ہے جو اس لڑکے کو لائے کوئی

کب تلک پاگل پھرے گی لڑکی بتلائے کوئی

اس کے وعدے اس کی یادیں سب ہیں اس دل میں رکھے

اب ہے دھڑکا اس تجوری کو نہ لے جائے کوئی

اس سے ہی ہیں سارے موسم اس کا مسکانا بہار

کھل کے وہ ہنس دے کبھی اور میگھ برسائے کوئی

پھر تری آواز کے دھوکے میں کھڑکی تک گئے

جھانک کر دیکھا پرندہ راگنی گائے کوئی

آنکھیں سترنگی ہیں اس کی گل مہر سے لب بنے

مسکراہٹ وہ نشہ جوگن بہک جائے کوئی

سہہ نہیں پائے عذاب ہجر یہ ہے اور بات

اس گناہ عشق پر لیکن نہ پچھتائے کوئی

یہ ادب کا ہے مقام اب رہنے دے یہ مشورے

عقل لازم ہے خموشی دل کو جب بھائے کوئی

زندگی دل کی تو ہے محتاج بس اس ایک کی

ورنہ یوں تو چاہے جتنے عشق فرمائے کوئی

مر چکی ہیں ٹہنیاں جو سوکھ کر لاؤ ادھر

میرے ہاتھوں میں ہے مٹی پانی برسائے کوئی

دن ڈھلے گا رات ہوگی ہم گزرتے جائیں گے

آئے تھے کیوں جائیں گے کیوں ہم کو سمجھائے کوئی

مزید غزلیں از پریمودا الحان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں