پریہ درشی ٹھا کرخیال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رات دن صبح و شام لکھتا ہوں (غزل)
رات دن صبح و شام لکھتا ہوں
اور بس تیرا نام لکھتا ہوں
میرے ماضی کے گم شدہ ساتھی
روز تجھ کو سلام لکھتا ہوں
یہ عبارت سنبھال کر رکھنا
زندگی تیرے نام لکھتا ہوں
تیری خاطر ہے خاص کر یہ غزل
یوں تو اشعار عام لکھتا ہوں
وقت کی ریت پر نہ جانے کیوں
میں خیالؔ اپنا نام لکھتا ہوں
اب گھٹائیں سیاہ ہلکی ہیں (غزل)
اب گھٹائیں سیاہ ہلکی ہیں
رات شاید یہ کھل کے برسی ہیں
آپ سادہ لباس میں بھی مجھے
حد سے زیادہ حسین لگتی ہیں
دل مرا خانقاہ ہو گویا
دھڑکنیں تیرا نام جپتی ہیں
ایک مدت ہوئی نہیں رویا
میری پلکیں ہنوز بھیگی ہیں
بے وفائی کی یہ ادائیں سبھی
آپ ہی سے تو ہم نے سیکھی ہیں
اب یہ چھٹتے نظر نہیں آتے
ابر جو بستیوں پہ طاری ہیں
اب سنبھلتے خیالؔ صاحب آپ
بچپنے کی حدیں بھی ہوتی ہیں
آدھا ہندو ہوں شراب پیتا ہوں (نظم)
آدھا ہندو ہوں شراب پیتا ہوں
آدھا مسلمان
کہ سور نہیں کھاتا
میاں غالب فرماتے تھے
خیالؔ صاحب آپ بھی
ہوتے ہوتے ہو گئے
شاید
آدھے فرنگی
ہریدوار کی چوک پر
ہری حلوائی کی دوکان میں
دیسی گھی کی پوری سبزی کھاتے تھے
مگر پینے کے لیے
بسلری ہی منگواتے تھے