پروفیسر سعید احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہونے کی اک جھلک سی دکھا کر چلا گیا (غزل)
ہونے کی اک جھلک سی دکھا کر چلا گیا
کھولی تھی ہم نے آنکھ کہ منظر چلا گیا
کیا خود کو دیکھنے کا عجب شوق تھا کہ وہ
چپ چاپ اٹھ کے سوئے سمندر چلا گیا
کن دائروں میں گھومتے ہیں اب خبر نہیں
کیوں ہاتھ سے وہ چاک سا چکر چلا گیا
پہلے قدم پہ ختم ہوا قصۂ جنوں
پہلا قدم ہی دشت برابر چلا گیا
ہم بھی اسی کے ساتھ گئے ہوش سے سعیدؔ
لمحہ جو قید وقت سے باہر چلا گیا
شورش وقت ہوئی وقت کی رفتار میں گم (غزل)
شورش وقت ہوئی وقت کی رفتار میں گم
دن گزرتے ہیں ترے خواب کے آثار میں گم
کیا عجب تھی وہ فضاؤں میں گھلی بوئے قدیم
شہر کا شہر ہوا وحشت اسرار میں گم
اس کہانی کا بھی عنوان کوئی حیرت حسن
آئینہ عکس میں عکس آئینہ بردار میں گم
دیکھ یہ آنکھ تری چھب سے ہوئی خاکستر
سن سماعت ہے تری نرمیٔ گفتار میں گم
جو ترے خطۂ بے آب کی خواہش نہ بنا
کلبلاتا ہے وہ دریا کسی کہسار میں گم
اب تمناؤں کے اثبات کا سہتے ہیں عذاب
ہم کہ رہتے تھے کبھی نشۂ انکار میں گم
کس طرح ان پہ خموشی کے معانی کھلتے
عمر بھر لوگ رہے لفظ کی تکرار میں گم
ہوا کے ہاتھوں میں ہاتھ دے کر (نظم)
ہوا کے ہاتھوں میں ہاتھ دے کر
جدائیوں کے سفر پہ نکلے تھے تم
مگر کیوں
رکے ہوئے ہو
یقین خفتہ گمان پختہ کے پانیوں پر
جہاں پہ اول محبتوں کے کنول کھلے تھے
ابھی وہیں ہو!
جدائیوں کے سفر پہ جا کر بھی اب تلک تم
گئے نہیں ہو!
چلے بھی جاؤ
کہ گمشدہ ذات کے خزینے کی کنجیاں ڈھونڈنی ہیں میں نے
سکوت صوت و صدا کے پردے میں طرز گفتار سیکھنی ہے
نکل کے موجودہ وقت کے بے دریچہ بے در حویلیوں سے
مجھے ملاقات سوچنی ہے
بہت سی بے نام غیر محدود ساعتوں کی سہیلیوں سے
بس اس سے پہلے
کہ موم لمحہ پگھل ہی جائے
کہ جبر آغاز ہو شبوں کا
کہ سوچ رستہ بدل ہی جائے