پریرت مودی سفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آندھیوں کا کارواں چلتا رہا (غزل)
آندھیوں کا کارواں چلتا رہا
ایک دیپک رات بھر جلتا رہا
ہے وہ اب سب سے زیادہ ہی قریب
عمر بھر جو مجھ کو بس کھلتا رہا
بس یہی تیری حقیقت ہے کہ تو
خواب بن کر آنکھ میں پلتا رہا
ہجر کا عالم بتاؤں کیا تجھے
یاد میں تیری یہ دل جلتا رہا
عشق سے سینچا تھا ہم نے جو شجر
زرد ہونے پر بھی وہ پھلتا رہا
اس طرف اگتا رہا سورج مگر
اس طرف سورج مرا ڈھلتا رہا
اک مقام آیا سفرؔ میں ایسا بھی
میں رکا تو راستہ چلتا رہا
ہماری سوچ میں تکرار بھی ہے (غزل)
ہماری سوچ میں تکرار بھی ہے
مگر آپس میں ہم کو پیار بھی ہے
دریچہ دکھ رہا ہے تم کو لیکن
ہمارے بیچ میں دیوار بھی ہے
دکھے گا عشق میں خوش حال جو دل
وہی دل عشق میں بیمار بھی ہے
مرے اندر بہت ہے صبر لیکن
میں ہوں وہ آب جس میں دھار بھی ہے
ابھی ہوں زیست کے اس مرحلے میں
جہاں ساحل بھی ہے منجدھار بھی ہے
ترے بن زندگی ہے اجڑی اجڑی
ترے بن زندگی گلزار بھی ہے
مجھے جتنی سفرؔ نفرت ہے تجھ سے
مجھے اتنا ہی تجھ سے پیار بھی ہے
سفر سے لوٹ آ واپس سفرؔ اب
ترے پیچھے ترا گھربار بھی ہے