پریمی رومانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں کون ہوں کیا ہوں میں یہی سوچ رہا ہوں (غزل)
میں کون ہوں کیا ہوں میں یہی سوچ رہا ہوں
صورت میں مقید ہوں مگر بکھرا ہوا ہوں
تاحد نظر میرے سوا کوئی نہیں ہے
میں جیسے کسی درد کے صحرا میں کھڑا ہوں
یہ بات مری سوچ سے باہر ہے ابھی تک
میں کوہ تھا پھر کیسے سمندر میں بہا ہوں
یہ سچ ہے کسی کا ہوں میں مطلوب نہ طالب
حیراں ہوں کہ کس واسطے دنیا میں جیا ہوں
بے بس ہوں میں اے مجھ سے ضیا مانگنے والو
میں دیپ تھا جلنے سے مگر پہلے بجھا ہوں
پریمیؔ مجھے اس بات کا خود علم نہیں ہے
وہ کون ہے میں جس کے خیالوں میں گھرا ہوں
اور بھی اک فریب کھانے دے (غزل)
اور بھی اک فریب کھانے دے
مسکراتا ہوں مسکرانے دے
آشنا زندگی سے کر مجھ کو
اپنی آنکھوں میں ڈوب جانے دے
تیرگی اس سے مٹ سکے شاید
شمع محفل کو جگمگانے دے
آج اپنا ہے آج کی کر فکر
کل پرایا تھا کل کو جانے دے
دل کہیں بجھ نہ جائے اے پریمیؔ
درد کی لو ذرا بڑھانے دے
مزید غزلیں از پریمی رومانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں