پریم رنجن انیمیش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس جگہ کی خاص اک پہچان ہے (غزل)
اس جگہ کی خاص اک پہچان ہے
لوگ ہیں بے حس بتوں میں جان ہے
ہے بہت انجان گلیوں سے سڑک
سیڑھیوں سے گھر ہر اک انجان ہے
صبح میں ہیں سرخیاں اخبار کی
شہر یہ اک بند روشندان ہے
آدمی کو دیکھنا نزدیک سے
بھیڑ میں سب سے بڑا سنسان ہے
پیار کو آسان ہے کیا بھولنا
راہ میں چھوٹا ہوا سامان ہے
آج پھر گھر پر ہی چھاتا رہ گیا
آج پھر برسات کا امکان ہے
دوست دشمن آ کے سکھ دکھ بانٹتے
دل بہت دن سے ہوا دالان ہے
پھر مچھیرے ناؤ لے کر چل پڑے
پیٹ سے بڑھ کر کہاں طوفان ہے
زندگی کو جب جیا تب یہ لگا
شاعری کرنا بہت آسان ہے
پڑھنا سننا غور سے انمیشؔ کو
اس کا ہر اک شعر اک دیوان ہے
رات آنکھوں میں ہی بتائی ہے (غزل)
رات آنکھوں میں ہی بتائی ہے
اب کرن پہلی جھلملائی ہے
اس اداسی کا کیا کریں بولو
چھوٹتی ہی نہیں یہ کائی ہے
آتا جاتا ہے سکھ تو مہماں سا
بن گیا دکھ یہ گھر جمائی ہے
چائے تلسی کی پتیوں والی
ماں بہت آج یاد آئی ہے
اپنی تہذیب کو نہ لٹنے دے
اپنے پرکھوں کی یہ کمائی ہے
بھر گئیں پل میں سوکھی ندیاں سب
آنکھ پھر کوئی ڈبڈبائی ہے
کل کے سورج کا خواب دیکھ انمیشؔ
شمع ہم نے بھی اک جلائی ہے