پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پریم رنگ پوری کی غزلیں — Prem Rangpuri Ghazals

پریم رنگ پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے (غزل)

بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے

مٹاتا ہے پیر و جواں کیسے کیسے

مٹایا تھا رستم نہ چھوڑا تھا سہراب

تھے عالم میں پیر و جواں کیسے کیسے

یہ پیسے ہے سب ہی کو مانند چکی

کٹے چور ہیں استخواں کیسے کیسے

رلایا ہریش چندر کو بن کے سادھو

مٹائے ہیں شاہ زماں کیسے کیسے

سبھی بن کے مٹتے رہے مٹ کے بنتے

ہوئے کب مٹے کب کہاں کیسے کیسے

بہاریں بھی آئیں خزائیں بھی آئیں

بدلتے ہیں رنگ جہاں کیسے کیسے

تیرے پریمؔ میں پڑ گئے جو بچے ہیں

ہوئے سنت بھی ہیں یہاں کیسے کیسے

اے عشق اب تو میں ترے قابل نہیں رہا (غزل)

اے عشق اب تو میں ترے قابل نہیں رہا

جس دل پہ ناز تھا مجھے وہ دل نہیں رہا

اے خضر راہ چل مجھے لے چل جہاں چلے

اب مجھ کو ہوش جادۂ منزل نہیں رہا

اللہ ہو خیر قیس کی بربادیوں کی خیر

لیلیٰ پہ آج پردۂ محمل نہیں رہا

تیغ جفا اٹھا ارے قاتل اٹھا اٹھا

اب صبر جذب الفت کامل نہیں رہا

قاتل ترے تو وار نے کر ہی دیا غضب

بسمل تڑپ کے چل دیا بسمل نہیں رہا

میں کس لئے ہوں کوشاں مری کشتیٔ وفا

طوفان وہ اٹھا ہے کہ ساحل نہیں رہا

اے پریمؔ اب نہ پوچھ غم دل کی داستاں

اب داستان غم نہ رہی دل نہیں رہا

مزید غزلیں از پریم رنگ پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں