پریم پال اشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے خیال کی خوشبو سے ہم دل مہکائے پھرتے ہیں (غزل)
تیرے خیال کی خوشبو سے ہم دل مہکائے پھرتے ہیں
ہم دیوانے یادوں کی بارات سجائے پھرتے ہیں
کس نے دیکھا کس نے پوچھا آ کر حال فقیروں کا
کل تک آنکھ ملانے والے آنکھ چرائے پھرتے ہیں
وقت کا دھارا وقت کا طوفاں میں نے دیکھا تو بھی دیکھ
کل کے راجہ رنک بنے جھولی پھیلائے پھرتے ہیں
کپٹی دل نے دنیا بھر میں چھل کی آگ لگائی ہے
حرص کے بندے خوابوں کے بازار سجائے پھرتے ہیں
ایک سے آنسو ایک سی آہیں کون ہے راجہ کون فقیر
ہم تو اپنے دل کو اب تک یہ سمجھائے پھرتے ہیں
غم کی بھیک ملے تو کیسے غم ہیں کم غم خوار بہت
اک مدت سے بات یہ اپنے دل میں چھپائے پھرتے ہیں
آہ لبوں پر اشک آنکھوں میں یہ اپنا سرمایہ ہے
روز ازل سے ہم تو اسے سینے سے لگائے پھرتے ہیں
یہ دنیا عجب رنگ و بو کا جہاں ہے یہاں رنگ اڑانے کی کوشش نہ کرنا (غزل)
یہ دنیا عجب رنگ و بو کا جہاں ہے یہاں رنگ اڑانے کی کوشش نہ کرنا
خبر پتی پتی کو مل کر رہے گی کوئی گل کھلانے کی کوشش نہ کرنا
اگر رہنما آپ جیسے ہوں اپنے تو پھر رہزنوں کی ضرورت نہیں ہے
کوئی بھولا بھٹکا اگر مل بھی جائے اسے رہ پہ لانے کی کوشش نہ کرنا
بچھاتے رہے راہ میں پھول ہم تو مگر تم نے کانٹے ہی بوئے ہمیشہ
گنہ گار ہیں منہ پہ ہی بات کہہ دی اب آنکھیں چرانے کی کوشش نہ کرنا
ستاروں کو بھی نیند آنے لگی ہے کہ اب رات بھی بھیگتی جا رہی ہے
کوئی سو گیا تھام کر غم کا دامن اسے تم جگانے کی کوشش نہ کرنا
جہاں سیج پھولوں کی سمجھی ہے تم نے وہیں ہر قدم پر ہیں کانٹے ہی کانٹے
محبت کی دنیا میں ہیں اشکؔ آہیں یہاں دل لگانے کی کوشش نہ کرنا
ہم اخوت کے پجاری ہم محبت کے غلام (نظم)
ہم اخوت کے پجاری ہم محبت کے غلام
دوستی کا کچھ ہمیں سے ہے جہاں بھر میں بھرم
مظہر حق ہیں ہمارے واسطے دیر و حرم
ہم اہنسا کے ہیں رسیا آشتی کے ہم امام
انکساری اپنا مسلک عاجزی اپنا شعار
دوستوں سے دوستی کر کے دکھا دیتے ہیں ہم
دوستی کے نام پر خود کو مٹا دیتے ہیں ہم
ہر تکلف اور تصنع سے ہمیں ہوتا ہے عار
نا توانوں کے ہیں رکشک حق پرستوں کے ہیں داس
ظلم و استبداد کو جڑ سے مٹا دیتے ہیں ہم
دشمنوں کو دن ہی میں تارے دکھا دیتے ہیں ہم
ہے نحیفوں اور ضعیفوں کو ہمارے دم سے آس
کبر و نخوت کی کلائی موڑتے آئے ہیں ہم
بغض و نفرت کا نکلتا ہے ہمارے دم سے دم