پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پریم نارائن سکسینہ راز کی غزلیں — Prem Narayan Saxena Raz Ghazals

پریم نارائن سکسینہ راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

راحت ملی سکون ملا آگہی ملی (غزل)

راحت ملی سکون ملا آگہی ملی

وہ کیا ملے کہ ہم کو نئی زندگی ملی

دل کا بجھا چراغ اچانک بھڑک اٹھا

اک چشم پر خلوص میں وہ شعلگی ملی

ساتھ ان کے زندگی کا سفر اس طرح کٹا

راہوں میں ہر قدم پہ خوشی ناچتی ملی

جس میں رچا ہوا تھا مرا رنگ آرزو

ان کے لبوں پہ گیت کی وہ پنکھڑی ملی

شاید مری نگاہ پرستش کا سحر تھا

مورت وہ مرمریں سی مجھے بولتی ملی

اک ماہ وش کا نور رہا روح پر محیط

ہر رات زندگی کی مجھے چاندنی ملی

بدنام عشق میں نہ ہوئے غیر کی طرح

عزت فزا حیات ہمیں عشق کی ملی

دل بستگیٔ بزم میں تلوے جھلس گئے

شعلوں پہ رقص کرتی ہمیں زندگی ملی

اک مہرباں نظر کی ادائے لطیف سے

آوارگیٔ رازؔ کو شائستگی ملی

اہل دل جس کو فنا اور نہ بقا کہتے ہیں (غزل)

اہل دل جس کو فنا اور نہ بقا کہتے ہیں

زندہ رہنے کے اس انداز کو کیا کہتے ہیں

ذکر اس شوخ سے کرتا ہے کوئی جب میرا

رخ پہ آ جاتا ہے اک رنگ حیا کہتے ہیں

خاک اس شخص نے مجھ ہی کو کیا سب جس کو

شعلہ رو شعلہ نظر شعلہ نوا کہتے ہیں

لمحہ بھر عشق پہ اپنے ذرا کھل کر ہنس لیں

گریۂ ہجر ہے قسمت میں لکھا کہتے ہیں

وہی سنتا نہیں فریاد ہماری اے دل

ہم جسے اپنی محبت کا خدا کہتے ہیں

نہ رہ و رسم ہے جس سے نہ دعا اور نہ سلام

پھر بھی احباب مجھے اس پہ فدا کہتے ہیں

بے تکلف جو سما جائے نگاہ و دل میں

ہم فقط اس کو محبت کی ادا کہتے ہیں

کتنے بے دین ہیں مت پوچھ عوام محکوم

ہر نئے دور کے حاکم کو خدا کہتے ہیں

خاص اپنوں میں بھی ہوتے ہیں کچھ ایسے بد خواہ

دل سے چاہیں جو برا منہ پہ بھلا کہتے ہیں

دل کی آواز ہے اب روح کا نوحہ اے رازؔ

جانے کیوں لوگ مجھے نغمہ سرا کہتے ہیں