پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پریم شنکر گوئلہ فرحت کی غزلیں — Prem Shankar Goila Farhat Ghazals

پریم شنکر گوئلہ فرحت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درس دیتا ہے شکیبائی کا (غزل)

درس دیتا ہے شکیبائی کا

وہ ترا زعم مسیحائی کا

طائر دید تماشائی کا

معترف ہے تری گیرائی کا

ہے یہی شرح حدیث آدم

زندگی نام ہے رسوائی کا

نقص پرواز نظر ہے ورنہ

آئنہ ہوں تری یکتائی کا

بن گیا راہنمائے منزل

وہ بھٹکنا ترے سودائی کا

تیری محفل کی فضائے رنگیں

نقش جیسے کوئی چغتائی کا

بن گیا سوز محبت فرحتؔ

اک حریف آتش بینائی کا

جب طبیعت سکوں سے گھبرائی (غزل)

جب طبیعت سکوں سے گھبرائی

لے چلا ذوق آبلہ پائی

وہ ہوئے مائل مسیحائی

موت پھر زندگی سے شرمائی

زلف بکھری کہ بس گھٹا چھائی

اہل تقوی پہ اک بلا آئی

طائر آرزو نے پر تولے

صحن دل میں چلی ہے پروائی

مڑ کے طوفاں کو بارہا دیکھا

نزد ساحل جو موج لے آئی

کشمکش وہ جنون و ہوش میں ہے

بن گیا حسن بھی تماشائی

روح و تن میں ازل سے نسبت ہے

پھر بھی ہیں تشنۂ شناسائی

شیخ کو خلد و حور کا سودا

ہائے یہ لذتوں کی گیرائی

مے کدہ کا یہ معجزہ ہے عجیب

کفر و دیں میں بھی ہے شناسائی

شغل مے فرط غم میں کیا کرتے

اس میں تھی دخت رز کی رسوائی

دن کو مسجد تو شب کو مے خانہ

تجھ سا فرحتؔ ہے کون ہرجائی

مزید غزلیں از پریم شنکر گوئلہ فرحت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں