پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پریم بھنڈاری کی غزلیں — Prem Bhandari Ghazals

پریم بھنڈاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ہوا کا مزاج رکھتے ہیں (غزل)

وہ ہوا کا مزاج رکھتے ہیں

ہم چراغوں کی طرح جلتے ہیں

اس کی قدرت کو دیکھ کر یارو

ہم بھی ایمان اس پہ رکھتے ہیں

جھوم کر تو اٹھے ہیں یہ بادل

دیکھیے اب کہاں برستے ہیں

ساری بے رنگ سوچ کے چہرے

لفظ پہنیں تو پھر نکھرتے ہیں

کیا خبر تھی ہمیں کہ لوگوں کی

آستینوں میں سانپ پلتے ہیں

ایک مدت سے اسے ہم نے جدا رکھا ہے (غزل)

ایک مدت سے اسے ہم نے جدا رکھا ہے

یہ الگ بات ہے یادوں میں بسا رکھا ہے

ہے خلا چاروں طرف اس کے تو ہم کیوں نہ کہیں

کس نے اس دھرتی کو کاندھوں پہ اٹھا رکھا ہے

جو سدا ساتھ رہے اور دکھائی بھی نہ دے

نام اس کا تو زمانے نے خدا رکھا ہے

مرے چہرے پہ اجالا ہے تو حیراں کیوں ہے

ہم نے سپنے میں بھی ایک چاند چھپا رکھا ہے

جو طلب چاندنی راتوں میں بھٹکتی ہی رہی

اب اسے دھوپ کی چادر میں سلا رکھا ہے

مزید غزلیں از پریم بھنڈاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں