پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پریم بہاری لال سکسینہ رواں کی غزلیں — Prem Bihari Lal Saxena Rawan Ghazals

پریم بہاری لال سکسینہ رواں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زینت انجمن دل نہیں ہونے پاتے (غزل)

زینت انجمن دل نہیں ہونے پاتے

داغ الفت کسی قابل نہیں ہونے پاتے

مجھ کو دراصل ہے نسبت انہیں طوفانوں سے

وہی طوفان جو ساحل نہیں ہونے پاتے

کیا غضب ہے کہ محبت بھرے کلمات بھی اب

وجۂ آسودگئ دل نہیں ہونے پاتے

تیری محفل کو وہی لوگ برا کہتے ہیں

جو کبھی زینت محفل نہیں ہونے پاتے

کیا قیامت ہے تری یاد کہ دم بھر کے لیے

ہم تری یاد سے غافل نہیں ہونے پاتے

غم ہی دینا ہے تو دیں شوق سے لیکن افسوس

وہ کسی بات کے قائل نہیں ہونے پاتے

جو رواںؔ سوچ کے رکھتے ہیں محبت میں قدم

کبھی گم گشتہ منزل نہیں ہونے پاتے

فلک در فلک ہے زمیں در زمیں ہے (غزل)

فلک در فلک ہے زمیں در زمیں ہے

محبت خدا کی قسم ہر کہیں ہے

محبت کی دنیا کی رفعت نہ پوچھو

یہاں کی زمیں جیسے عرش بریں ہے

تری دل نوازی کا انداز دلبر

بہت دل ربا ہے بہت دل نشیں ہے

سبھی کچھ میسر ہے تیرے جہاں میں

نہیں کچھ اگر تو محبت نہیں ہے

محبت میں وہم و گماں سے مجھے کیا

کہ روشن مرے دل میں شمع یقیں ہے

چلو ان کی محفل میں چل کر تو دیکھیں

سنا ہے کہ جنت زمیں پر وہیں ہے

یہ کس شہر میں اے رواںؔ آ گئے ہم

نہ کوئی مکاں ہے نہ کوئی مکیں ہے