پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرویندر انوراگی کی غزلیں — Pravendra Anuragi Ghazals

پرویندر انوراگی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عمر بھر کو بس یہی اک امتحاں باقی رہا (غزل)

عمر بھر کو بس یہی اک امتحاں باقی رہا

اک عجب رشتہ ہمارے درمیاں باقی رہا

وہ عمارت جو بہت اونچی تھی اک دن ڈھہ گئی

کچھ نہیں باقی رہا بس خاکداں باقی رہا

منزلیں گم ہیں کہیں اور ہم سفر بھی کھو گئے

راستوں کو کوسنا بھی اب کہاں باقی رہا

کچھ سنہرے خواب آ کر پوچھتے ہیں یہ سوال

کس طرح سے کچھ امیدوں کو مکاں باقی رہا

بے رخی تم سے ابھی آسان ہے مجھ کو بہت

اب نہ کوئی بھی وفا کا آشیاں باقی رہا

ایک چنگاری کو ایسے وہ ہوا دیتا تھا (غزل)

ایک چنگاری کو ایسے وہ ہوا دیتا تھا

آگ کے بننے سے پہلے ہی بجھا دیتا تھا

اس طرح سے وہ چراغوں کو سزا دیتا تھا

صبح ہوتے ہی انہیں روز جلا دیتا تھا

جیسے ہی کوئی نیا خواب سجاتا تھا میں

لمس تیرا مجھے نیندوں سے جگا دیتا تھا

پوچھیے مت کوئی حد میرے تعلق کی اب

میرا تو حال وہ آنکھوں سے بتا دیتا تھا

تنہا رہنے کا اسے شوق لگا تھا ایسا

روز پیڑوں سے پرندوں کو اڑا دیتا تھا

کاٹتا تھا وہ اندھیروں میں جو ٹہنی ہر شب

ان کو پھلنے کی اجالوں میں دعا دیتا تھا

آئنہ جھوٹ نہیں بولتا تھا پہلے کبھی

کس کی دستار گرے گی یہ بتا دیتا تھا

مزید غزلیں از پرویندر انوراگی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں