Praveen Saxena کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اسے پھر سے کوئی دھوکا ہوا ہے (غزل)
اسے پھر سے کوئی دھوکا ہوا ہے
مرا سایا کہیں ٹھہرا ہوا ہے
عجب سا شور ہے پہنے ہوئے وہ
ہماری خامشی کو کیا ہوا ہے
جو کہتا تھا کہ سورج لائے گا وہ
اندھیروں نے اسے گھیرا ہوا ہے
میں اس کو آئنے میں ڈھونڈھتا ہوں
مرا چہرہ کہیں رکھا ہوا ہے
جگانا کب سے اس کو چاہتا ہوں
مقدر ہے کہ بس سویا ہوا ہے
زمیں کیسے میں اپنی چھوڑ دیتا
سمندر کیا کبھی قطرہ ہوا ہے
سیاست بھی عجب بازار ہے اک
اصولوں کا جہاں سودا ہوا ہے
حادثہ بن کے ہر اک روز گزر جاتا ہوں (غزل)
حادثہ بن کے ہر اک روز گزر جاتا ہوں
ایک ویرانے کی بانہوں میں ٹھہر جاتا ہوں
صبح کو جب بھی جگاتی ہے کوئی مایوسی
شب کی آنکھوں میں کسی خواب سا بھر جاتا ہوں
اور جب دھوپ جلاتی ہے سفر میں مجھ کو
میں پگھل کر کسی سائے میں پسر جاتا ہوں
گھیر لیتی ہے مجھے دیکھ کے موقع اکثر
دل میں تنہائی کی اس بھیڑ سے ڈر جاتا ہوں
یہ ہی معمول ہے ہر دن کا ہر اک لمحے کا
تجھ کو جیتے ہوئے اے زندگی مر جاتا ہوں
کوششیں کتنی ہی کرتا ہوں سمیٹوں خود کو
جانے کیا ہوتا ہے ہر بار بکھر جاتا ہوں
بھول جاتا ہوں کہیں رکھ کے میں خود کو اور پھر
سوچتا رہتا ہوں آخر میں کدھر جاتا ہوں
سلسلہ ساتھ مرے ایسا ہے طوفانوں کا
اک سے بچتا ہوں تو دوجے میں اتر جاتا ہوں