پرتیک کھربندا رمز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جگنوؤں کا طنز دیکھو چاند کی اوقات پر (غزل)
جگنوؤں کا طنز دیکھو چاند کی اوقات پر
گفتگو کرنے لگے ہیں وہ اندھیری رات پر
کیا انہیں معلوم ہے کچے مکانوں کے عذاب
کر رہے ہیں بیٹھ کر جو تبصرہ برسات پر
تو مرے حالات پر ہنسنے لگا ہے خیر ہے
میں لگا لیتا ہوں خود بھی قہقہے حالات پر
شام ڈھلتے ہی نظر آتا تھا کھڑکی سے مری
چاند کرتا تھا اثر یوں میرے محسوسات پر
رمزؔ اپنے دل کی باتوں میں نہیں آتا کبھی
اس نے قابو پا لیا ہے اس قدر جذبات پر
میں اپنا بوجھ ہلکا کر رہا ہوں (غزل)
میں اپنا بوجھ ہلکا کر رہا ہوں
کسی کا درد سانجھا کر رہا ہوں
کسی بھی وقت یہ گھر چھوڑنا ہے
سو میں سامان اکٹھا کر رہا ہوں
تمہارے بعد جو لڑکی ملی ہے
اب اس پر بھی بھروسا کر رہا ہوں
پرانے زخم پہ مرہم لگا کے
نئے زخموں کا پیچھا کر رہا ہوں
ضروری کام سارے ملتوی ہوں
ابھی میں وقت یکجا کر رہا ہوں
تمہارے ہجر کا ماتم منا کر
ادھورا عشق پورا کر رہا ہوں