پرشانت مشرا من کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شیام تمہاری رادھا رانی ٹھیک نہیں (غزل)
شیام تمہاری رادھا رانی ٹھیک نہیں
تم سے بچھڑن کے دکھ یعنی ٹھیک نہیں
ورنہ بڑے جھگڑے میں جرح یہ بدلے گی
بات بات پر کھینچا تانی ٹھیک نہیں
ہم سارس جیسے ہیں سو مر جائیں گے
ہم جیسوں سے رو گردانی ٹھیک نہیں
محض جگہ ہی نہیں بہت کچھ بدلا ہے
پھر بھی ہجرت میں بے دھیانی ٹھیک نہیں
جب جی چاہا خواب دئے پھر چھینے بھی
نیندوں کی یہ کارستانی ٹھیک نہیں
غصہ جھگڑا گالی گفتا مکاری
لہجے میں ایسی عریانی ٹھیک نہیں
پہلے سلجھا تھا مگر بعد میں الجھا ہوگا (غزل)
پہلے سلجھا تھا مگر بعد میں الجھا ہوگا
آپ سے ہارا ہر اک من مرے من سا ہوگا
میں نے دیواروں کی آہٹ تو سنی ہے شاید
اندر ان کے کوئی دل بھی تو دھڑکتا ہوگا
تجھ پہ منڈراتا رہا سانس کو چھونے کے لیے
تیری خوشبو سے یوں بھونرے کو مہکنا ہوگا
عشق میں ہونا گواہی ہے مرے ہونے کی
اور کیا عشق سے میرے لیے اچھا ہوگا
اب تلک ڈوبا ہوا ہوں میں اسی سوچ میں جان
کیا تجھے چھونا مرا عشق میں دھوکہ ہوگا
سیہ راتیں کھنکتی دھوپ شامیں کہہ رہیں مجھ سے (نظم)
سیہ راتیں کھنکتی دھوپ شامیں کہہ رہیں مجھ سے
میں جن آنکھوں سے دنیا دیکھتا تھا کھو گئیں مجھ سے
جو دنیا خوبصورت تھی وہ اب بس ایک رنگ کی ہے
اور اس دنیا کی ہر صورت بھی لگتی ایک ڈھنگ کی ہے
تمہارے بعد میرا غم نظر کو گڑھ گیا یعنی
مری آنکھوں پہ کالا رنگ کوئی چڑھ گیا یعنی
تمہاری آنکھ میری تھی جو اب میری نہیں ہے تو
سیہ چادر سے دیگر اب مجھے کچھ بھی نہیں دکھتا
مرے موسم محبت ہجر غم اب ایک جیسے ہیں
مگر آنکھوں میں پہلے کے نظارے ٹھیک ویسے ہیں
مجھے اب ڈر نہیں لگتا ہے دنیا کے اندھیروں سے
مجھے اب ڈر نہیں لگتا مرے اپنے پرایوں سے
مجھے سب عام لگتا ہے مری تنہائی کے آگے
مری تنہائی میرے ساتھ ہر اک رات میں جاگے
وہ آنکھیں سو گئیں جب خواب کا چہرہ دکھا کر تو
جن آنکھوں سے تمہارے ساتھ میں نے خواب دیکھے تھے
جن آنکھوں نے تمہارے پیار کے سیلاب دیکھے تھے
وہ آنکھیں جو فقط میرے لیے رب نے تراشی تھیں
ان آنکھوں نے تمہارے ساتھ میں صدیاں گزاری تھیں
جن آنکھوں نے تمہارے پیار کے سپنے اگائے تھے
جن آنکھوں نے تمہارے ہجر کے قصہ سنائے تھے
سیہ پردے نے ان کو ڈھک لیا ہے اس لئے جاناں
وہ آنکھیں جو مری تصویروں کو چومے نہ تھکتی تھیں
وہ آنکھیں جو مرے دیدار میں رستے کو تکتی تھیں
ان آنکھوں کی سبھی باتیں نہیں جھوٹی نہیں ہوں گی
غموں میں ان کی برساتیں نہیں جھوٹی نہیں ہوں گی
بچھڑنا جب ہوا ہوگا وہ برسی ہوں گی سچ مچ میں
میں دکھ جاؤں کہیں اک بار ترسی ہوں گی سچ مچ میں
ان آنکھوں سے بچھڑ کر ہو گئی دنیا مری دھندھلی