پرساد شڑانگلے بیتاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے ہونے کی مرے دل کو خبر ہوتی ہے (غزل)
تیرے ہونے کی مرے دل کو خبر ہوتی ہے
ہو جہاں آپ اسی اور نظر ہوتی ہے
آپ جب گھر سے چلیں تو یہ فضائیں مہکیں
ان ہواؤں میں تیری کوئی لہر ہوتی ہے
دیکھ کر ایک جھلک ان کو مکمل ہو دن
جستجو روز یہی شام و سحر ہوتی ہے
آپ ہی آپ خیالوں میں بسا کرتے ہیں
اب کہاں کوئی ہمیں فکر گزر ہوتی ہے
ایک احساس محبت سے بنے ہیں گلشن
زندگی اس کے بنا گرد سفر ہوتی ہے
کیا ہے اظہار یہ اقرار کہاں کا انکار
پیار کی اپنی ہی اک راہ گزر ہوتی ہے
دل محبت سوا کچھ نہیں چاہتا (غزل)
دل محبت سوا کچھ نہیں چاہتا
اس کی خاطر یہ کیا کچھ نہیں چاہتا
یوں ہی دریا سمندر میں ملتا رہے
آب بہتا ہوا کچھ نہیں چاہتا
رات بھر جو جلا روشنی کے لئے
صبح سے وہ دیا کچھ نہیں چاہتا
بس دلوں کی کشش سے بھرا ہو سفر
عشق کا قافلہ کچھ نہیں چاہتا
جو ملو احترام محبت کو تم
سب مجھے مل گیا کچھ نہیں چاہتا
تم سے بیتابؔ اک چاہتا ہے نظر
اور کیا ہے دعا کچھ نہیں چاہتا