پرنو مشرا تیجس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رفتہ رفتہ چیخنا آرام ہو جانے کے بعد (غزل)
رفتہ رفتہ چیخنا آرام ہو جانے کے بعد
ڈوب جانا پھر نکلنا شام ہو جانے کے بعد
دیر تک خاموشیوں سے گفتگو کرنا کبھی
دیر تک سننا انہیں ہر کام ہو جانے کے بعد
بستیوں سے دور جانا خواہشوں کو پار کر
جنگلوں میں ناچنا گمنام ہو جانے کے بعد
آسماں والوں سے اپنی رنجشوں کو بھولنا
روح کے بازار میں نیلام ہو جانے کے بعد
ربط کے پہلو سمجھنا اور رونا ساری رات
بس یہی کچھ کام ہیں ناکام ہو جانے کے بعد
خاموشی کی دھن پہ تنہا رقص کرتی رات ہے (غزل)
خاموشی کی دھن پہ تنہا رقص کرتی رات ہے
زخم کھائے دل کے سینے میں اترتی رات ہے
صحرا صحرا پیاس کے منظر سے ہو کر رو بہ رو
اب کسی عاشق کے ہونٹوں سے ابھرتی رات ہے
پھول سورج روشنی سے دور شبنم کی طرف
دن ڈھلے تاروں کے درپن میں سنورتی رات ہے
ٹیس گہری اور یادوں کا اترتا قافلہ
پیار کے دوزخ سے سہمی اور کترتی رات ہے
کچھ سیہ تصویر ماضی کے خیالوں کا دھواں
سب میں اپنے درد کا کچھ عکس بھرتی رات ہے
یوں کہوں تو ایک لڑکا اس کو پیارا ہے بہت
لوگ تیجسؔ یہ بھی کہتے اس پہ مرتی رات ہے
میں اکثر سوچتا ہوں دیکھ کر تم کو (نظم)
میں اکثر سوچتا ہوں دیکھ کر تم کو
اگر تم نہ رہو تب بھی
یہ سارے لوگ چاہیں گے
ستارے تب بھی مجھ پر غیب سے
غزلیں اتاریں گے
ہوا تب بھی بدن میرا اچھالے گی
یہ بارش اور کچھ قصہ سنائے گی
نئی کچھ اور یادیں ختم ہو کر
مٹتی جائیں گی
یہ میری سانس لینے کی
بری عادت نہیں چھوٹے
سو اکثر سوچتا ہوں دیکھ کر تم کو
میں آخر کیوں ہی تم سے پیار کرتا ہوں