پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرمود راجپوت کی غزلیں — Pramod Rajput Ghazals

پرمود راجپوت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک تعلق تھا فقط اس کے سوا کچھ بھی نہیں (غزل)

اک تعلق تھا فقط اس کے سوا کچھ بھی نہیں

چھوڑ کے جب وہ گیا میں نے کہا کچھ بھی نہیں

کام تو کچھ اور بھی کر لیتے ہم یاروں مگر

ہم نے تو اس عشق سے بڑھ کر کیا کچھ بھی نہیں

پھر سے لوٹا دو مجھے گمنامی کی تنہائیاں

شہرتوں کی بھیڑ میں مجھ کو ملا کچھ بھی نہیں

وقت رخصت اس کی آنکھیں کچھ تو کہتی تھیں مجھے

شور دل میں اتنا تھا میں نے سنا کچھ بھی نہیں

بابو جی نے برسوں پہلے گھر کا بٹوارا کیا

ماں کے اور ان کے سوا میں نے لیا کچھ بھی نہیں

یہ محبت گر نہیں تو اور کیا ہے ہم نشیں

بعد مدت کے ملے ہیں پر گلہ کچھ بھی نہیں

سیکڑوں ٹکڑے تو چاہے کر دے اس کے جان من

آئنہ تو بولتا سچ کے سوا کچھ بھی نہیں

یہ سہی ہے دل مرا توڑا اسی نے دوستو

بے وفا وہ ہے مگر اس کی خطا کچھ بھی نہیں

سوکھے پھول مہک اٹھتے ہیں گرد آلود کتابوں میں (غزل)

سوکھے پھول مہک اٹھتے ہیں گرد آلود کتابوں میں

میں نے سوچا بھول گیا میں سب کچھ اتنے سالوں میں

چاہت آج بھی جاگ اٹھتی ہے بھولی بصری یادوں کی

سیلی دل کی دیواریں آتی ہیں نظر برساتوں میں

یوں تو عمر گزر جاتی ہے کچھ رشتوں کو بنانے میں

کوئی اپنا ہو جاتا ہے بس باتوں ہی باتوں میں

ایک اکیلا میں ہی نہیں ہوں تیرے پیار میں سودائی

اکثر چاند کو دیکھا ہے روتے ہوئے ٹھنڈی راتوں میں

یہ تو ہاری ہی بازی تھی جانے کیسے جیتا میں

شاید میری ماں نے ہے رکھا ہر پل مجھ کو دعاؤں میں

مزید غزلیں از پرمود راجپوت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں