Pramod Pundhir Pyaasa کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خط ادھورے تھے مگر وہ چٹھیاں اچھی لگیں (غزل)
خط ادھورے تھے مگر وہ چٹھیاں اچھی لگیں
کاغذوں سے ہی سہی نزدیکیاں اچھی لگیں
ذکر میں بھی نام ان کا ہم نہ لے پائے کبھی
پیار میں ان بندشوں کی چپیاں اچھی لگیں
رات بھی خاموش تھی اور چاند بھی غمگین تھا
آنکھ میں ڈورے لیے وہ سرخیاں اچھی لگیں
چاک خود ہی ہو گئی اس باغ کے ہی بام پر
اف تلک نا کر سکیں جو تتلیاں اچھی لگیں
پھول شاخوں پر پلک نم اوس سے کرتے رہے
پر ہمیں تو خار کی وہ برچھیاں اچھی لگیں
آسماں نے دھوپ کی جب گنگنائی ہے غزل
وہ ہمیں نور سحر کی سردیاں اچھی لگیں
پتھروں میں باندھ کر کے پھینکنا چھت پر مری
رات میں آتی ہوئی وہ پرچیاں اچھی لگیں
آہ نکلے نہ اب صدا نکلے (غزل)
آہ نکلے نہ اب صدا نکلے
ہاتھ اٹھے تو بس دعا نکلے
اشک آنکھوں کی ہے وفاداری
جو نہ چھلکے تو بے وفا نکلے
تم نہ مجنوں ہو نہ کوئی لیلیٰ
عشق عمر دراز کیا نکلے
آنکھ ڈرتی ہے اب خیالوں سے
خواب کوئی نہ پھر برا نکلے
روز پتھر تراشتا ہی رہا
شاید ان میں کبھی صدا نکلے
اس لیے چپ ہوں خاکساری میں
کیا پتہ گھر کا ہی دیا نکلے
خاک جب بھی اڑے گلی میں ترے
میں جلوں اور بس دھواں نکلے
ڈوبنے کو سفینہ ہے میرا
کاش کوئی تو اب دعا نکلے
یا خدا تنگ آ گیا ہوں میں
درد نکلے نہ کچھ دوا نکلے
پیاساؔ ناواقفوں کی بستی میں
ڈھونڈھتا ہوں کوئی سگا نکلے