پرمود شرما اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چھپا کر اپنی کرتوتیں ہنر کی بات کرتے ہیں (غزل)
چھپا کر اپنی کرتوتیں ہنر کی بات کرتے ہیں
شجر کو کاٹنے والے ثمر کی بات کرتے ہیں
جلے ہیں جو نشیمن راکھ پر ان کی کھڑے ہو کر
جنہوں نے پھونک ڈالے گھر وہ گھر کی بات کرتے ہیں
عناصر جس کے تھے مہر و وفا شفقت ادب غیرت
انہیں جو بھول بیٹھا اس بشر کی بات کرتے ہیں
گھرے ہیں مدتوں سے جو اندھیروں میں مصائب کے
نہیں آتی کبھی جو اس سحر کی بات کرتے ہیں
سبھی سے بزم میں ہنس کر ملی بے ساختہ لیکن
نہیں ہم پر پڑی جو اس نظر کی بات کرتے ہیں
ہوئے تقسیم جب سے دشمنی قائم بھی ہے لیکن
ادھر والے ہماری ہم ادھر کی بات کرتے ہیں
نہیں ہے رابطہ جن کا اثرؔ پیروں کے چھالوں سے
گھروں سے جو نہیں نکلے سفر کی بات کرتے ہیں
زخم دل تجھ سے میں چھپاؤں کیا (غزل)
زخم دل تجھ سے میں چھپاؤں کیا
درد سہہ کر بھی مسکراؤں کیا
ہو اجازت تو تیری محفل میں
اپنی قسمت کو آزماؤں کیا
کیوں اشاروں میں کہہ رہا ہے تو
صاف کہہ دے کہ بھول جاؤں کیا
یوں تو یہ دور ہے لطیفوں کا
تم کہو تو غزل سناؤں کیا
عیش و عشرت کے واسطے اے دل
داؤ ایمان کا لگاؤں کیا
سب کا کردار جو سجاتا ہے
آئنہ وہ تجھے دکھاؤں کیا
روٹی کپڑا مکاں ملے سب کو
خواب ایسے اثرؔ سجاؤں کیا