پرکھر مالوی کانھا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ساگر بھی تو قطرہ نکلا (غزل)
ساگر بھی تو قطرہ نکلا
جو آنکھوں سے بہتا نکلا
بولو اب تم کیا کہتے ہو
میں اس بار بھی سچا نکلا
دل تو خیر پریشاں تھا ہی
ذہن بھی میرا الجھا نکلا
ڈوب گیا شب کے دریا میں
چاند بھی بس اک قطرہ نکلا
شام ہوئی تو دل میں لوٹا
درد بھی ایک پرندہ نکلا
مجھ سے کس نے باتیں کی تھیں
سناٹا تو گونگا نکلا
اس کے آنسو میری خوشیاں
یہ سودا بھی مہنگا نکلا
کانہاؔ رویا آج میں جی بھر
دل کا اک اک کانٹا نکلا
میں نہ سویا رات ساری تم کہو (غزل)
میں نہ سویا رات ساری تم کہو
بن مرے کیسے گزاری تم کہو
ہجر آنسو درد آہیں شاعری
یہ تو باتیں تھیں ہماری تم کہو
حال مت پوچھو مرا یہ حال ہے
جسم اپنا جاں ادھاری تم کہو
رکھ دو بس میرے لبوں پہ انگلیاں
میں سنوں گا رات ساری تم کہو
پھر کبھی اپنی سناؤں گا تمہیں
آج سننی ہے تمہاری تم کہو
روک لو کانہاؔ اسے جاتا ہے وہ
وہ نہیں سنتا ہماری تم کہو
مزید غزلیں از پرکھر مالوی کانھا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں