پرکاش تیواری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زرد موسم کی مصیبت جاگی (غزل)
زرد موسم کی مصیبت جاگی
پتے ٹوٹے تو حقیقت جاگی
درد ساتھ اپنے دوا بھی لایا
زخم نکلے تو جراحت جاگی
چاک دامن ہوا تو ہوش آیا
جب اڑے ہوش بصیرت جاگی
اینٹ پتھر کے علاوہ کیا تھا
جل گیا گھر تو صداقت جاگی
چاند نکلا تو مرے پہلو میں
تیری خوابیدہ محبت جاگی
جھلملانے لگے پلکوں پہ چراغ
دل میں جب درد کی شدت جاگی
ہم بدلتے رہے پہلو پرکاشؔ
درد سویا نہ محبت جاگی
غموں کے اندھیروں میں غرقاب ہوں میں (غزل)
غموں کے اندھیروں میں غرقاب ہوں میں
اماوس کا بکھرا ہوا خواب ہوں میں
مرے نام سے ہے زمانے کو نفرت
کہ پیالے میں ہستی کے زہراب ہوں میں
جمی ہے امیدوں پہ حرماں کی کائی
کہ صحرا کا اک خشک تالاب ہوں میں
قلم بند ہیں جس میں روحوں کے قصے
کتاب زمانہ کا وہ باب ہوں میں
پڑا ہے جو کھائی میں تاریکیوں کی
مرادوں کا وہ نخل شاداب ہوں میں
تجھے زیست کی ہر خوشی ہو میسر
مرا غم نہ کر شاد و شاداب ہوں میں
تعارف مرا کیا ہے پوچھو نہ پرکاشؔ
وفا نام ہے اور نایاب ہوں میں