پرہلاد رائے دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ان کی آنکھوں کے اشارے دیکھے (غزل)
ان کی آنکھوں کے اشارے دیکھے
یعنی جینے کے سہارے دیکھے
کیا کہیں دل کی جراحت کیا ہے
تم نے کب زخم ہمارے دیکھے
صبح تک آتا رہا تیرا خیال
رات بھر ہم نے ستارے دیکھے
پاس غیروں کا ہے اپنوں سے سوا
سب چلن ہم نے تمہارے دیکھے
اس نے جب ہم سے نگاہیں پھیریں
دل پہ چلتے ہوئے آرے دیکھے
قہر ڈھاتا ہوا دریا پایا
سہمے سہمے سے کنارے دیکھے
کس کی نظروں نے وہ دیکھے ہوں گے
ہم نے دانشؔ جو نظارے دیکھے
پیار تمہی سے کرتا ہے (غزل)
پیار تمہی سے کرتا ہے
یہ دل تم پر مرتا ہے
راتوں کا یہ سناٹا
مجھ سے باتیں کرتا ہے
تجھ سے بچھڑ کر کیا بتلائیں
کیسے وقت گزرتا ہے
کوئی سلگتے موسم میں
ٹھنڈی آہیں بھرتا ہے
دل کے آئینے میں کون
بنتا اور سنورتا ہے
خاکۂ جاں میں پیار ترا
رنگ انوکھے بھرتا ہے
درد کا مارا دل دانشؔ
تنہائی سے ڈرتا ہے
چلو کسی کی مذمت کریں زباں کھولیں (نظم)
چلو کسی کی مذمت کریں زباں کھولیں
بہت دنوں سے جو تالا لگا ہے ہونٹوں پر
تو دل میں کتنی گھٹن کتنی زہر ناکی ہے
کہیں یہ زہر اگل دیں کسی کو گالی دیں
مگر یہ لوگ تو شاید سب اپنے جیسے ہیں
شکستگی کا اک آئینہ جن کے چہرے ہیں
ہمارے نام کہ ملتے ہوئے سے نام ہیں سب
الگ الگ ہیں کہاں ہم اک اژدہام ہیں سب
اک اژدہام جو پر شور شاہراہوں پر
خموش رینگتا رہتا ہے سر جھکائے ہوئے
نہ آنکھ اٹھانے کی مہلت نہ لب کشائی کی تاب
نگاہ و دل کی اسیری خموشیوں کا عذاب
اسے برا نہ کہیں کیوں نہ اس کے ساتھ چلیں
دل اپنا اس کو دکھائیں دکھ اس کا ہم بھی سنیں
کہ اس طرح بھی تو ممکن ہے اس گھٹن کا علاج