پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرگیا شرما کی غزلیں — Pragya Sharma Ghazals

پرگیا شرما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ جتنے شکوے گلے ہیں انہیں مٹا کر جا (غزل)

یہ جتنے شکوے گلے ہیں انہیں مٹا کر جا

تو جانا چاہتا ہے تو گلے لگا کر جا

میں بھول جاؤں تجھے یا میں انتظار کروں

تو اپنے جانے سے پہلے مجھے بتا کر جا

یہ میرے پاس رہے تو میں جی نہ پاؤں گی

تو میرے سامنے اپنے یہ خط جلا کر جا

میں تیرے بعد کبھی ڈھونڈھ ہی نہ پاؤں تجھے

یوں اپنے آپ کو مجھ میں کہیں چھپا کر جا

ہمارے بیچ کا یہ فاصلہ مکمل ہو

ابھی تلک کی سبھی قربتیں مٹا کر جا

بچے کھچے یہ چراغوں کو بھی بجھا دے اب

کہ میری شب کے اندھیروں کو تو بڑھا کر جا

میں تجھ کو خواب میں بھی اب کبھی نہیں دیکھوں

تو جا رہا ہے تو نیندیں مری اڑا کر جا

تیرے چہرے کو بے نقاب کریں (غزل)

تیرے چہرے کو بے نقاب کریں

زندگی چل ترا حساب کریں

ہم پہ کیسی ہے یہ سنک حاوی

جو بنایا ہے وہ خراب کریں

اس سے ہم بعد میں کریں گے وضو

پہلے اس آب کو شراب کریں

سب کا اپنا مقام ہوتا ہے

کیوں چراغوں کو آفتاب کریں

ہم کہاں ہیں ہمیں نہیں معلوم

کس طرح خود کو دستیاب کریں

کوئی شکوہ نہ دل میں رہ جائے

آؤ بیٹھو چلو حساب کریں

کھو چکے ہیں کئی ورق اپنے

خود کو ہم کس طرح کتاب کریں

مزید غزلیں از پرگیا شرما ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں