پربدھ سوربھ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری آنکھوں سے ہجرت کا وہ منظر کیوں نہیں جاتا (غزل)
مری آنکھوں سے ہجرت کا وہ منظر کیوں نہیں جاتا
بچھڑ کر بھی بچھڑ جانے کا یہ ڈر کیوں نہیں جاتا
اگر یہ زخم بھرنا ہے تو پھر بھر کیوں نہیں جاتا
اگر یہ جان لیوا ہے تو میں مر کیوں نہیں جاتا
اگر تو دوست ہے تو پھر یہ خنجر کیوں ہے ہاتھوں میں
اگر دشمن ہے تو آخر مرا سر کیوں نہیں جاتا
بتاؤں کس حوالے سے انہیں بیراگ کا مطلب
جو تارے پوچھتے ہیں رات کو گھر کیوں نہیں جاتا
ذرا فرصت ملے قسمت کی چوسر سے تو سوچوں گا
کہ خواہش اور حاصل کا یہ انتر کیوں نہیں جاتا
مرے سارے رقیبوں نے زمینیں چھوڑ دیں کب کی
مگر اشعار سے میرے وہ تیور کیوں نہیں جاتا
مجھے بے چین کرتے ہیں یہ دل کے ان گنت دھبے
جو جاتا ہے وہ یادوں کو مٹا کر کیوں نہیں جاتا
میں جب سے سچ کو سچ کہنے لگا ہوں (غزل)
میں جب سے سچ کو سچ کہنے لگا ہوں
جہاں کی آنکھ میں چبھنے لگا ہوں
اجالا بانٹنے کی یہ سزا ہے
انہریا چاند سا گھٹنے لگا ہوں
بھرم رکھنا ان آنکھوں کا کہ جن کو
میں روشن دان سا لگنے لگا ہوں
میں اس کردار کو اب جی سکوں گا
میں اس کردار پر مرنے لگا ہوں